حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، 2 روز قبل حزب اللہ لبنان کی جانب سے ایک کامیاب ڈرون آپریشن ہوا جس میں حزب اللہ لبنان کے ڈرون ٹیکنالوجی کے بانی شھید حسان القیس کے نام سے موسوم حسان ڈرون نے اسرائیل (مقبوضہ فلسطین) کے اندر 70 کلومیٹر تک کے علاقے میں تقریبا 40 منٹ تک کامیاب معلوماتی آپریشن انجام دیا.
ذرائع کے مطابق اس آپریشن میں حسان ڈرون نے شمالی علاقے کی حساس جگہوں کی تصویریں اور ویڈیوز بنائیں. اسرائیلوں کی جانب سے اس ڈرون کے شکار کے لیے بہت ساری چیزوں کا استفادہ کیا گیا جس میں جدید جنگی جہاز، ڈرونز اور میزائل بھی استعمال کیے گئے لیکن اس کا شکار نہ کرسکے اور پھر اسرائیلیوں کی آنکھوں کے سامنے یہ لبنانی حدود میں اپنی منزل تک بغیر نقصان کے واپس پہنچ گیا جس کے بعد اسرائیلیوں نے اپنی ذلت کو چھپانے کے لیے جنوب بیروت میں کم اونچائی پر F-16 کے ذریعے پروازیں بھی کیں.
اس سے پہلے حزب اللہ نے 2012 میں ایوب نامی ڈرون کے ذریعے اسرائیل میں انٹری کی تھی جسے اسرائیل ائیر ڈیفنس سیسٹم نے اپنا نشانہ بنا کر تباہ کردیا تھا۔ لیکن 9 سال بعد حزب اللہ کے اس کامیاب آپریشن سے شمال میں آباد اسرائیلیوں کو شدید خوف لاحق ہو چکا ہے جس کا اظہار انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاونٹس سے کیا اور ساتھ میں اپنی (اسرائیلی)فوج کو نا اہل بھی قرار دیا۔