حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لبنان کی شیعہ سپریم اسلامی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر شیخ علی الخطیب نے غاصب صہیونی حکومت کے لڑاکا طیاروں کی جانب سے بیروت ساؤنڈ وال (بیریئر) کو توڑنے اور عوام الناس میں خوف و ہراس پھیلانے کے اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے لبنان کی خودمختاری کی صریح خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
انہوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ غاصب اسرائیلی جارحیت کو روکنے کے لئے اپنی ذمہ داری پوری کریں اور ایسے اقدامات کی تکرار کی روک تھام کے لئے ضروری اور مؤثر قدم اٹھائیں اور خلاف ورزیوں کو ریکارڈ کرنے اور تحمل کا مظاہرہ کرنے کی دعوت پر اکتفا نہ کریں۔
شیعہ سپریم اسلامی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر شیخ الخطیب نے فلسطینی شیخ الجراح محلے میں زمینداروں کے خلاف صہیونی غاصب حکومت کی دہشت گردانہ کارروائیاں کہ جس کے باعث زمیندار بے گھر ہوئے ہیں، کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
انہوں نے فلسطینیوں کی اپنی سرزمین کے دفاع میں ثابت قدمی اور قربانیوں کی تعریف کرتے ہوئے مزید کہا کہ اسرائیلی غاصب حکومت صرف مزاحمت و مقاومت کی زبان سمجھتی ہے۔
شیخ علی خطیب نے مزاحمت و مقاومت کو اسلامی سرزمینوں کو آزاد کرانے، جارحیت کی روک تھام اور دشمنوں کی سازشوں اور چالوں کو ناکام بنانے کا واحد راستہ قرار دیا اور عرب اور اسلامی ممالک سے فلسطین کو بچانے کے لئے اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرنے، مزاحمت و مقاومت کے محوروں کی حمایت کرنے اور صہیونی غاصب حکومت کے ساتھ تعلقات کی سر توڑ مخالفت کرنے کا مطالبہ کیا۔
شیعہ سپریم اسلامی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر شیخ علی الخطیب نے عرب پارلیمنٹ کی کانفرنس میں لبنانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نبیہ بری کے مؤقف کی قدردانی کی۔ نبیہ بری نے اس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فلسطین کی امداد میں عربوں کے اتحاد و یکجہتی، عرب لیگ میں شام کی واپسی اور سعودی ایران مذاکرات کو جاری رکھتے ہوئے عرب اسلامی اتحاد کی مضبوطی کا مطالبہ کیا تھا۔