۸ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۸ شوال ۱۴۴۵ | Apr 27, 2024
علیرضا اعرافی

حوزہ / حوزہ علمیہ کے ڈائریکٹر آیت اللہ علی رضا اعرافی نے ایک بیان میں افغانستان کے شہر مزار شریف میں ہونے والے ہولناک جرائم کی شدید مذمت کی ہے اور حکومت سے مجرموں کی شناخت اور انہیں قرار واقعی سزا دینے پر زور دیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حوزہ علمیہ کے سرپرست آیت اللہ علی رضا اعرافی نے ایک بیانیہ میں افغانستان کے شہر مزار شریف میں ہونے والے ہولناک جرائم کی مذمت کرتے ہوئے مجرموں کی شناخت اور انہیں قرار واقعی سزا دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ ان کے اس بیانیہ کا متن حسب ذیل ہے:

بسم الله الرحمن الرحیم

اس ہولناک اور المناک جرم نے جو افغانستان کے شہر مزار شریف میں واقع مسجد "سہ دکان" کے بہت سے مظلوموں، مسلمانوں، شیعوں اور نمازیوں کی شہادت اور زخمی ہونے کا باعث بنا، بلاشبہ بزرگ علماء، حوزاتِ علمیہ اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو غم و غصہ میں ڈال دیا ہے۔ لیالی قدر کے موقع پر اور رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں داعش اور تکفیری گروہوں کی طرف سے کی جانے والی دہشت گردانہ کارروائی ان کے اسلام کے اصولوں اور مسلمانوں کے وقار سے منافی ہے اور ان کے انتہائی ظلم و بربریت کو ظاہر کرتی ہے۔

بلاشبہ افغانستان کے عوام کی جان و مال اور عزت کا دفاع اور تحفظ ایک اہم ذمہ داری ہے۔ جس کا اس ملک کے ذمہ دار اور دعویدار اداروں کو دقت اور توجہ سے خیال رکھنا چاہیے اور یہ سب کچھ اس قابل فخر اور قومی عزم کی حامل قوم کو ایک جامع حکومت اور جمہوری شراکت کے سوا حاصل نہیں ہو گا۔

اب جبکہ بے شرم استکبار اپنی مذموم سازشوں کے ذریعہ قرآن پاک کے مقدس مقام کی توہین کر رہی ہے اور مسجد اقصیٰ اور فلسطین کے مسلمانوں اور نمازیوں کا قتلِ عام کر رہی ہے اور افغانستان کے مسلمان بھائیوں اور بہنوں کے بھائی چارے کو نشانہ بنا کر ان کے درمیان جنگ ایجاد کرنے اور ان کا مذہب کے نام پر قتل عام کر رہی ہے تو ضرورت اس بات کی ہے کہ بااثر مفکرین اور بالخصوص اس خطے کے علمائے کرام اس دہشت گردی کے واقعہ کی پرزور مذمت کریں اور اس طرح کے مظالم کے اعادہ اور بے دفاع اور بے گناہ لوگوں کے قتل کو روکنے کے لیے واضح اور سنجیدہ موقف کا اعلان کریں۔

مرکز مدیریت حوزہ علمیہ اس المناک واقعہ اور مصیبت کو افغانستان کے معزز، شریف، بہادر اور مظلوم عوام، اس ملک کے علماء کرام، عمائدین، حوزاتِ علمیہ اور اس واقعہ میں شہید ہونے والے افراد کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتا ہے اور اس ملک کے ذمہ داروں، سیکورٹی کے دعویدار اداروں اور بین الاقوامی اداروں سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اس واقعہ میں ملوث مجرموں کی شناخت کرے اور اس کے مرتکب افراد کو قرار واقعی سزا دے۔

ہم امت اسلامیہ کے تمام شہداء، محور مقاومت اور اس واقعہ کے شہداء کی پاک روحوں کو سلام پیش کرتے ہیں اور اللہ تعالیٰ سے ملک افغانستان کی سربلندی کی دعا کے ساتھ پسماندگان کے صبر و اجر اور زخمیوں کی صحت و عافیت کی دعا کرتے ہیں۔

علی رضا اعرافی

سرپرست حوزہ علمیہ

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .