۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
آیت الله اعرافی+ آیت الله مکارم

حوزہ/ آیت اللہ مکارم شیرازی نے حوزہ علمیہ کے سرپرست کو لکھے گئے خط میں پوپ سے ملاقات کے متعلق کچھ اہم نکات کی جانب اشارہ کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مرجع تقلید آیت اللہ العظمی مکارم شیرازی نے حوزہ علمیہ کے سرپرست کے نام ایک خط میں آیت اللہ اعرافی اور پوپ کے درمیان ملاقات کے بارے میں اہم باتوں کی جانب اشارہ کیا۔

آیت اللہ العظمی مکارم شیرازی کے خط کا متن حسب ذیل ہے:

جناب آیت اللہ اعرافی ( دامت توفیقاتہ)

سلام علیکم و رحمۃ اللہ

مجھے اطلاع ملی ہے کہ آپ پوپ سے ملاقات کے سلسلے میں ویٹیکن جا رہے ہیں۔ میں اس سلسلے میں کچھ ضروری نکات بیان کرنا چاہ رہا ہوں:

پہلا: میں آپ کو اس طرح کے سفر اور ملاقات کے قابل سمجھتا ہوں، اور مجھے امید ہے کہ ویٹیکن کے حکام اور خاص طور پر پوپ اس پر توجہ دیں گے، جیسا کہ انہوں نے ان ملاقاتوں اور بات چیت سے اتفاق کیا ہے۔

دوسرا: قابل غور بات یہ ہے کہ مذاہب کے درمیان اختلافات سب کو کمزور کر دیتے ہیں اور نقصان پہنچاتے ہیں، نیز مذہبی جذبات کو مشتعل کرنا اور مقدسات کی توہین جیسے اعمال ایسے نقصان دہ کام ہیں جو تمام انسانوں اور بندگان خدا میں کینہ اور کدورت و ناراضگی کا باعث بنتے ہیں۔

تیسرا: مشترکات پر تاکید اور توجہ دیتے ہوئے، آپسی تعاون اور معاہدے کی جانب نشاندہی کریں جس سے مذاہب کی عزت و عظمت میں اضافہ ہوگا۔ اگرچہ یہ مشرق و مغرب کے سیاست دانوں اور اقتدار میں رہنے والوں کی مرضی کے خلاف ہے، کیونکہ ان کے مفادات مذاہب کے اختلافات میں ہیں نہ کہ ان کے اتحاد میں۔

چوتھا: ایک تجویز پیش کریں کہ ایک گروپ جو کہ مشہور اور معتبر مذاہب کے نمائندوں پر مشتمل ہو، آپس میں مل کر مزید آپسی تعاون کے طریقوں پر غور کرے اور اس مسئلے پر بات چیت کے لئے سالانہ اجلاس منعقد کرے تاکہ بامقصد اور عملی نتائج حاصل کیے جا سکیں۔ مذاہب اور فرقوں کی مشترکات اور مقدسات کا احترام کرنے کے لئے بین الاقوامی قوانین کا نفاذ ہو اور تفرقہ پسندوں کو سزا دی جائے، یا وہ چیزیں جو تمام مذاہب میں مشترک ہوں ان کو مجروح کرنے والوں کی سخت مذمت کی جائے۔

میں اس سفر کو ایک بہت ہی بابرکت سفر سمجھتا ہوں اور اللہ تعالیٰ سے آپ کی کامیابی اور اسلام اور مسلمانوں اور تمام مومنین کے لیے کامیابی اور سربلندی کی دعا کرتا ہوں۔

والسلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ۔

قم - ناصر مکارم شیرازی

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .