۱۰ فروردین ۱۴۰۳ |۱۹ رمضان ۱۴۴۵ | Mar 29, 2024
لاہور یوم علی

حوزہ/ اندرون موچی دروازہ مبارک حویلی سے برآمد ہونے والا جلوس مغرب کے وقت کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا، جلوس میں عزدار ماتم اور نوحہ خوانی کر رہے ہیں جبکہ جلوس کے شرکاء کشمیری بازار میں سنہری مسجد کے باہر نماز ظہرین ادا کریں گے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لاہور میں یوم شہادتِ حضرت علی علیہ السلام کا مرکزی جلوس اندرون موچی گیٹ مبارک حویلی سے برآمد ہو کر مقررہ راستوں پر گامزن ہے۔ مرکزی جلوس نماز مغرب سے قبل کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔ جلوس میں عزدار ماتم اور نوحہ خوانی کر رہے ہیں۔ عزادار کشمیری بازار میں سنہری مسجد کے باہر نماز ظہرین ادا کریں گے، نماز کے بعد جلوس اپنے مقررہ راستوں پر گامزن ہو جائے گا۔

جلوس کی برآمدگی سے قبل مجلس عزاء منعقد ہوئی جس میں حضرت علی علیہ السلام کے فضائل و مصائب بیان کئے گئے۔ جلوس کے روٹ پر سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ ایلیٹ فورس کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے، جبکہ جگہ جگہ سی سی ٹی وی کیمرے اور واک تھرو گیٹس نصب ہیں۔ جلوس کے روٹ پر 5 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات ہیں۔ روٹ سے ملحقہ راستے خاردار تار لگا کر بند کر دئیے گئے ہیں جبکہ بلند عمارتوں پر ماہر نشانہ باز تعینات کیے گئے ہیں۔

جلوس کے راستوں پر موبائل سروس بھی جزوی طور پر معطل کر دی گئی ہے جبکہ روٹ اور ملحقہ علاقوں میں موٹر سائیکل پر ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد ہے۔ جلوس میں شامل ہونیوالے عزاداوں کو جامہ تلاشی کے بعد ہی جلوس میں شرکت کی اجازت دی جا رہی ہے۔ اس موقع پر لیڈی پولیس اہلکار بھی تعینات کی گئی ہیں۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .