۱۰ فروردین ۱۴۰۳ |۱۹ رمضان ۱۴۴۵ | Mar 29, 2024
سادات عثمانپور کے شجرہ کا رسم اجراء کیا گیا

حوزہ/ انٹرنیشنل نور مائکروسینٹر کے توسط سے امروہہ میں سادات عثمانپور کے شجرہ کا رسم اجراء وجود میں آیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،عید فطر کی خوشیوں کے موقع پر اہل عثمانپور کی خوشیوں میں اضافہ ہوگیا کیونکہ انٹرنیشنل نور مائکروسینٹر کے محققین کی محنت ثمر آور ہوئی اور 2 شوال سن 1443 ہجری میں نمائندہ ولی فقیہ حجت الاسلام و المسلمین آقائے مہدی مہدوی پور دامت برکاتہ، اسلامک ریپبلک آف ایران کے سفیر جناب ڈاکٹر علی چگینی، انٹرنیشنل نورمائکروفلم سینٹر کے ڈائرکٹر جناب ڈاکٹر مہدی خواجہ پیری اور مہمانان گرامی قدر کے ہاتھوں شجرہ کا رسم اجراء وجود میں آیا۔

تصویری جھلکیاں: شجرہ سادات امروہہ و عثمانپور کا رسم اجراء

اس پروگرام کے میزبان جناب مولانا رضی عباس نقوی قرار پائے جنہوں نے مہمان گرامی کا پرجوش استقبال کیا، استقبال کے بعدتمام مہمانوں کو حضرت چاند بن نور(مورث اعلیٰ سادات عثمانپور) کی زیارت سے مشرف کرایا گیا اور حجت الاسلام آقائے مہدوی پور، سفیر ایران ڈاکٹر علی چگینی اور ڈاکٹر خواجہ پیری کے ہاتھوں مزار پر چادر چڑھائی گئی اور گل بارانی کرائی گئی ۔

پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا پھر نعت پاک کے ذریعہ محفل کو منور کیا گیا، پروگرام کے ناظم پروفیسر ناشر نقوی رہے، مولانا رضی عباس نے استقبالیہ تقریر میں مہمانان گرامی کا شکریہ ادا کیااور شجرہ کے متعلق مختصر گفتگو کرتے ہوئے عثمانپور کی تاریخ کا سرسری جائزہ لیا۔

جمہوری اسلامی ایران کے سفیر جناب ڈاکٹر علی چگینی صاحب نے اپنی تقریر میں سرزمین عثمانپور پر آنے کی بابت خوشی کا اظہار کیا اور وہاں کے مومنین کو عید کی مبارکبادی پیش کرتے ہوئے اس بات پر فخر کیا کہ میں سادات کے درمیان ہوں۔

نمایندۂ ولی فقیہ حجت الاسلام والمسلمین آقائے مہدوی پورنے شجرہ کے کام کو سراہتے ہوئے نور مائکرو فلم سینٹر اور اس کے ڈائرکٹر جناب خواجہ پیری صاحب نیز محققین کا شکریہ ادا کیا۔

ڈائرکٹر آف انٹرنیشل نور مائکرو فلم سینٹر جناب ڈاکٹر مہدی خواجہ پیری نے اپنی تقریر میں بتایا کہ عثمانپور کے شجرہ میں متعدد افراد کی زحمتیں رہی ہیں تب یہ شجرہ آپ لوگوں کے سامنے آیا ہے۔

اس پروگرام کے مہمانان خصوصی میں ایرانی حضرات کے علاوہ مولانا ممتاز علی (امام جمعہ امامیہ ہال دہلی)، مولانا تصدیق حسین رضوی (امام جمعہ اوکھلا)، مولانا غافر رضوی چھولسی(اسلامک اسکالر ، ایران کلچر ہاؤس دہلی)،مولانا قرۃ العین مجتبیٰ(پرنسپل جامعۃ المنتظر نوگانواں سادات)، مولانا عالم مہدی زیدپوری، مولانا رضی زیدی پھندیڑوی (ایران کلچر ہاؤس)، مولانا ذیشان حیدر رجیٹوی(ایران کلچر ہاؤس) کے نام قابل ذکر ہیں۔

پروگرام میں گردونواح کے علماء اور عوام نے بھی شرکت کی، یہ پروگرام 4 مئی سن 2022 عیسوی بروز بدھ حضرت چاند بن نور(مورث اعلیٰ سادات عثمانپور) کے مزار پر منعقد ہوا۔

پروگرام کے آخر میں شجرہ کا رسم اجراء ہوا اور اس کے بعد مہمانان خصوصی کی خدمت میں شکریہ کے طور پر شیلڈ پیش کی گئی۔


لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .