۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
شجرہ سادات چھولس

حوزہ/ بڑا امام باڑہ عباس نگر چھولس سادات ضلع نوئیڈا صوبہ یوپی میں انٹر نیشنل نور مائکرو فلم سینٹر کی جانب سے چھولس سادات کے شجرہ کا رسم اجرا کیا گیا۔ 

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، 17/جنوری2021 بروز اتوار  بعد از ظہر بمقام بڑا امام باڑہ عباس نگر چھولس سادات ضلع نوئیڈا صوبہ یوپی میں انٹر نیشنل نور مائکرو فلم سینٹر کی جانب سے چھولس سادات کے شجرہ کا رسم اجرا کیا گیا۔ 

جس میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر جناب ڈاکٹر علی چگینی صاحب اپنے احباب کے ساتھ نیز نور مائکرو فلم سینٹر کے ڈائرکٹر جناب ڈاکٹر مہدی خواجہ پیری صاحب اپنے ہمراہیوں کے ساتھ دہلی سے چھولس سادات تشریف لائے۔
مؤمنین چھولس نے امام جمعہ اور حجۃ الاسلام مولانا غافر رضوی صاحب چھولسی کی قیادت میں تمام مہمانوں کا پرجوش استقبال کیا اور نعروں کے سائے میں تمام مہمانوں کو عباس نگر کی مسجد لے گئے جہاں مولانا سید رضی محمد کی اقتدا میں نماز ظھرین ادا کی گئی اور نماز کے بعد سب لوگ عباس نگر چھولس سادات کے بڑے امام باڑے میں  تشریف لے گئے۔

تصویری جھلکیاں: شجرہ سادات چھولس کا رسم اجرا

نظامت کے فرائض  انجام دیتے ہوئے جناب ساحل چھولسی صاحب نے پروگرام کا آغاز کیا جس کی ابتدا قاری افروز کے ذریعہ تلاوت کلام پاک سے ہوئی، تلاوت کے بعد حجۃ الاسلام مولانا سید رضی حیدر زیدی پھندیڑوی محقق دانشنامہ اسلام مرکز نور مائکرو فلم نے اپنی ایمان افروز تقریر کے ذریعہ مؤمنین کو مستفیض فرمایا، ایران کے مشہور شاعر جناب علی رضا قزوہ صاحب مسئول ایران کلچر ہاؤس دہلی نے جناب فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شان میں چند اشعار سے مؤمنین چھولس سادات کے قلوب کو منور فرمایا پھر ایران کے سفیر جناب ڈاکٹر علی چگینی صاحب نے تقریر کی جس کا اردو ترجمہ مولانا غافر رضوی صاحب قبلہ محقق دانشنامہ اسلام مرکز نور مائکرو فلم کے ذمہ رہا، آخر میں نور مائکرو فلم سینٹر کے ڈائرکٹر جناب ڈاکٹر مہدی خواجہ پیری صاحب نے مختصر تقریر کرتے ہوئے علماء و مؤمنین چھولس کا شکریہ ادا کیا  کہ انہوں نے یہ سب انتظامات انجام دئے۔

شجرہ کا رسم اجراء سفیرِ جمہوری اسلامی ایران جناب ڈاکٹر علی چگینی صاحب کے دست مبارک سے ہوا، پھر شجرہ کو مکمل طریقہ سے میزوں پر پھیلادیا گیا اور سب لوگوں نے اپنے اپنے ناموں کا مشاہدہ کرتے ہوئے اپنے ناموں کی اصلاح کی نور مائکروفلم سینٹر کے مدیر جناب ڈاکٹر مہدی خواجہ پیری نے دو ہفتہ کے لئے شجرہ کو چھولس کے مؤمنین کے درمیان میں چھوڑ دیا تاکہ سب لوگ اطمینان کے ساتھ اپنے اپنے نام دیکھ سکیں اور اصلاح میں کوئی کمی باقی نہ رہے۔

اس طرح یہ پروگرام بحسن و خوبی انجام پایا، اس میں لوگوں کی کثیر تعداد نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ اس پروگرام میں مؤمنین چھولس کی کثیر تعداد نیز علماء اعلام جیسے مولانا سید مہدی حسن رضوی صاحب قبلہ چھولسی، مولانا سید رضی محمد زیدی قبلہ امام جمعہ و جماعت چھولس سادات، مولانا ظفر عباس صاحب قبلہ جارچوی وغیرہ کے علاوہ دیگر صاحبان علم و فن بھی شریک ہوئے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .