حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام جمعہ ملبورن حجت الاسلام اشفاق وحیدی نے کہا: امام حسین علیہ السلام نے مقام حج اور ارکان حج کو اپنی مقدس قربانی پیش کر کے زندہ و جاوید رکھا۔ حج پر جانے والے پہلے کربلا کو سمجھیں تاکہ وہ صحیح حج کو ادا کر کے قرب الہی حاصل کر سکیں۔
امام جمعہ ملبورن نے نماز جمعہ کے خطبے میں حج کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا: اگر ہم آج کربلا اور فلسفہ قربانی کو نہ سمجھ پائے تو مکہ اور مدینہ کی زیارت تو ہو سکتی ہے لیکن ارکان حج ادا کرنا ممکن نہیں۔
انہوں نے مزید کہا: بیت اللہ کے مقام اور عظمت کو امام حسین علیہ السلام نے آٹھ ذی الحج کو اپنی اور اہلبیت علیہم السلام کی قربانی کو پیش کر کے بتایا۔ جب حجاج حضرت ابراہیم اور اسماعیل علیہما السلام کی یاد میں قربانی انجام دیتے ہیں تو یہ قربانی شہداء کربلا کی قربانی بھی یاد دلاتی ہے ۔
حجت الاسلام اشفاق وحیدی نے کہا: سعودی حکمران مسلمانوں کے حج کے عمل پر لوٹ مار کر کے اس سرمایہ سے عیاشیوں میں مصروف ہیں اور حجاج کو جو سہولتیں دینی چائیے وہ نہیں دے رہے۔
انہوں نے کہا: اس روحانی اجتماع میں دور حاضر کے شیطان اور طاغوت سے اظہار برائت کرنا حج کا بہترین عمل ہے ۔
امام جمعہ ملبورن نے مزید کہا: ہمیں مل کر اتحاد و وحدت کے ذریعے ان قوتوں کے خلاف آواز بلند کرنی چائیے جو امت واحدہ کے اتحاد کو پارہ پارہ کرنے کے درپے ہیں۔