حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ملبورن کے امام جمعہ حجت الاسلام اشفاق وحیدی نے کہا: حالیہ انتخابات میں آسٹریلیا کی لیبر جماعت کے اکثریت سے انتخاب پر شاندار کامیابی اور حکومت سنبھالنے پر انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ امید ہے نئی حکومت اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لاتے ہوئے آسٹریلوی عوام میں مزید خوشحالی لائے گی۔
انہوں نے کہا: گذشتہ حکومتی حکمرانوں کی کاوشوں کو عوام قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ نئے حکمران بھی بین المذاھب ھم آہنگی کو مزید فروغ دیں۔
ملبورن کے امام جمعہ حجت الاسلام اشفاق وحیدی نے آسٹریلیا میں حالیہ انتخابات میں لیبر جماعت کے اکثریت سے کامیابی اور حکومت سنبھالنے پر اپنے خصوصی پیغام میں مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا: جس احسن انداز میں حکومت کی منتقلی ہوئی وہ جمہوریت کی بہترین مثال ہے۔
حجۃ الاسلام اشفاق وحیدی نے مزید کہا: ہمیں امید ہے کہ نئی حکومت دور حاضر کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے شب و روز محنت کرے گی اور اتحاد و وحدت اور اخوت و بھائی چارے کی فضاء کو مزید مضبوط بنائے گی۔