حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کہتے ہیں یوم غدیر اعلان ختم نبوت اور امامت کے ذریعے رسالت کے مشن کو جاری رکھنے کایوم ہے، پیغمبر اکرم نے پیغام رسالت کی حفاظت ،تشریح ، تعبیر، نفاذ اور نشرواشاعت کےلئے امامت کے ذریعے ایک جامع میکنزم تشکیل دیا، اسی عظیم نظام کا مظہر یوم غدیر ہے ،عوام الناس تک پیغام رسالت پہنچانے کےلئے مقام،وقت کا تعین اورمخصوص منبر کا قیام غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔
قائدِ ملتِ جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے18ذی الحجہ یوم غدیر کے موقع پر کہا کہ یوم غدیر تاریخ اسلام میں خاص اہمیت رکھتاہے ۔ خداوند متعال نے اسلام کو دین کامل اور پسندیدہ ترین دین قرار دیا ہے اسی دین کی تبلیغ و ترویج کے لئے رحمت اللعالمین جیسی ہستی نے تکالیف اور مصائب برداشت کیے اور غدیرِ خ±م کے تاریخی میدان میں دین کی حفاظت، تفہیم، نفاذ اور نشرو اشاعت کیلئے نظامِ ولایت و امامت کا اعلان فرمایا یقیناً اسلام کے تاقیامت قائم و دائم رہنے کیلئے یہ اعلان غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے جو رب کائنات نے اپنی اشرف المخلوقات کی رہنمائی کیلئے اہل اسلام و اہل عالم کیلئے تجویز فرمایا۔پیغام رسالت کو پوری دنیا تک پہنچانے ، اس الٰہی پیغام کی حفاظت تشریح، تعبیر، نفاذ اور نشرو اشاعت میں نظام ولایت و امامت کا بڑا کردار ہے اور اسی کردار کے حوالے سے حضور اکرم نے ایک مکمل و جامع پلان کے ذریعے غدیر کے مقام کا تعین، وقت کا تعین ، انتظام و انصرام اور عوام الناس تک پیغام پہنچانے کےلئے مخصوص منبر بنانے کے انتظامات کئے اور مخصوص انداز میں اعلان کیا گیا اس دور کا یہ سب سے منفرد اور بڑا ذریعہ ابلاغ تھاجس کے ذریعے یہ پیغام الٰہی پوری امت مسلمہ تک پہنچا۔
علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا کہ نظام ولایت و امامت کا مظہر کامل علی ابن ابی طالبؑ کی ذاتِ مقدس ہے جنہوں نے تفہیم دین میں نبی کے وصی کے طور قابل تقلید کردار ادا کیا،پیغمبرِ خ±دا نے فرمایا کہ اے علی ؑ میں نے تنزیل پر جنگ کی ہے آپؑ تاویل پر جنگ کریں گے۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان نے اہل اسلام کو اپنے خصوصی پیغام میں مزید کہا کہ یوم غدیر کی بابرکت ساعتوں میں ہمیں تجدیدعہد کرنا ہوگاکہ ہم دین اسلام کی سربلندی و ترویج کیلئے حضرت علی ابن ابی طالب کی سیرت و کردار کو نمونہ عمل بنا کر اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگیوں کو اس کے عین مطابق ڈھالیں گے۔آخر میں قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سیدساجدعلی نقوی نے یوم غدیر کے موقع پر اہل اسلام کو مبارکباد پیش کی۔