۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
حرم عشرہ 1444 چوتھی مجلس

حوزہ/ ہم امام زمان عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کے منتظر ہیں لہذا ہمیں اپنے اندر وہ صفات پیدا کرنی چاہئیں جو امام زمان عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف چاہتے ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، دفتر قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی شعبہ قم المقدس کی جانب سے عشرہ محرم الحرام کی چوتھی مجلس کا انعقاد حرم حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا صحن جواد الائمہ (ع) میں ہوا۔ جس میں مختلف علمائے کرام، طلاب عظام اور زائرین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

خطیب کریمہ اہلبیت (ع) حجۃ الاسلام والمسلمین سید شفقت علی نقوی نے مجلس سے خطاب کرتے ہوئے کہا: ہم امام زمان عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کے منتظر ہیں لہذا ہمیں اپنے اندر وہ صفات پیدا کرنی چاہئیں جو امام زمان عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا: اگر ہمارے دل میں امام زمان عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کی تڑپ ہو تو ہم خود کو گناہوں سے پاک رکھیں گے اور صدق دل سے امام کے ظہور کیلئے دعا کریں گے۔ جب ہم امام کے سچے عاشق اور سپاہی بنیں گے تب ہم امام کو اپنے آنکھوں سے دیکھ بھی سکیں گے۔

علامہ سید شفقت علی نقوی نے کہا: ناامیدی کفر ہے، اہلبیت علیہم السلام کا در ہمیں امید دلاتا ہے۔ بندہ جتنا بھی گنہگار کیوں نہ ہو سچی توبہ کیساتھ اہلبیت علیہم السلام کے در پر آجائے، نجات پائے گا۔ امام زمان عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف نے دعا کرتے ہوئے فرمایا: "یا اللہ! میرے شیعوں کے گناہ معاف کرنا"۔ امام اپنے شیعوں کے غم اور خوشی میں شریک ہیں۔ جس طرح بندے کے استغفار کرنے سے پہلے اس پر اللہ کی نظر کرم ہوتی ہے جس کی وجہ سے وہ توبہ کرتا ہے، اسی طرح جب اہلبیت علیہم السلام کی نظر کرم ہو تب ہی وہ فرد سچا محب اور عاشق اہلبیت بن جاتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا: جیسے قرآن پڑھنے سے روح کو تازگی ملتی ہے اسی طرح اہلبیت علیہم السلام کا ذکر کرنے سے بھی روح کو تازگی ملتی ہے۔ جو صفات قرآن کی ہیں، وہیں صفات اہلبیت علیہم السلام کی بھی ہیں کیونکہ دونوں معجزہ ہیں۔

مجلس سے قبل ناظم پروگرام، مسؤل شعبہ خدمت زائرین و خادم حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا جناب سید ناصر عباس نقوی انقلابی نے مختصر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا: ہمیں خدا کا لاکھ لاکھ شکر ادا کرنا چاہئے کہ بی بی معصومہ سلام اللہ علیہا کے حرم میں امام حسین علیہ السلام کا پرسہ پیش کرنے کی توفیق نصیب ہوئی۔

انہوں نے کہا: زیارت حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا کے لئے آنا بہت بڑی سعادت ہے۔ انہوں نے زائرین کو درپیش مشکلات کے حل کیلئے حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا کا واسطہ دے کر خصوصی دعا کروائی اور زائرین کو تاکید کی کہ وہ زیارات سے واپسی پر ہر اس کام سے اجتناب کریں جس سے خدا اور اہلبیت علیہم السلام ناراض ہوتے ہوں۔

آخر میں لاہور سے تشریف لائی ہوئی ماتمی سنگت نے نوحہ خوانی اور ماتم داری کروائی۔ جس کے بعد نیاز حسینی تقسیم کیا گیا۔

قابلِ ذکر ہے کہ حرم حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا صحن جواد الائمہ (ع) میں ہونے والی مجلسِ عزاء میں علمائے کرام، طلاب عظام اور زائرین کرام کی کثیر تعداد نے شریک ہوکر امام حسین علیہ السلام کو اپنا پرسہ پیش کیا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .