۹ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۹ شوال ۱۴۴۵ | Apr 28, 2024
حیدر عباس

حوزہ/ آج ہر انسان امام حسین علیہ السلام کا دلدادہ ہے، کیوں کہ امام کا قیام کسی خطے یا قبیلے کے لئے تھا بلکہ بشریت کے لئے تھا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سر زمین قم المقدسہ میں مجمع علماء و طلاب ہندوستان کی جانب سے حسینہ امام صادق علیہ السلام میں عشره مجالس کا سلسلہ جاری ہے، حجۃ الاسلام والمسلمین سید حیدر عباس رضوی نے دوسری مجلس کو خطاب فرماتے ہوئے کہا: اگر کوئی شخص صدائے حق بلند کرے اور اس صدائے حق کے مطابق زندگی بسر کرے اور اسی پر ثابت قدم رہے تو یقیناً اس پر الطاف الہی کی بارش ہوگی۔

انہوں نے قیام امام حسین علیہ السلام کی صفات اور خصوصیات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا: یہ تنہا قیام ہے جو کہ انسانی ہے، بشری ہے، نوعی ہے، کلی ہے، انسان کبھی بھی یہ فکر نہ کرے کہ امام حسین علیہ السلام نے صرف یزید کے مقابل میں قیام کیا ہے، امام حسین علیہ السلام نے کبھی بھی کسی ذات یا فرد و قبیلہ یا حاکم کے خلاف قیام نہیں کیا، بلکہ آپ کا قیام شیطانیت، یزیدیت، ظلم و تشدد و بربریت کے مقابل میں ہے۔

مولانا سید حیدر عباس رضوی نے مزید کہا: آج یہی وجہ ہے کہ ہر انسان امام حسین علیہ السلام کا دلدادہ ہے، کیوں کہ امام کا قیام کسی خطے یا قبیلے کے لئے تھا بلکہ بشریت کے لئے تھا، انہوں نے کہا کہ یہ تنہا قیام ہے کہ جس قیام سے پہلے اس کی مصیبتوں کا تذکرہ ہوا ہے، ہر نبی کے سامنے اس قیام کی مصیبتوں اور شہادتوں کا تذکرہ کیا گیا، اس کی وجہ یہ ہے تا کہ حسینؑ کی مصیبت سن کر انبیائے کرام کے لئے مصیبتوں کے تحمل کی قوت پیدا ہو جائے اور راستہ ہموار ہو جائے ، قیام امام حسین علیہ السلام نبیوں کے لئے بھی مشعل راہ ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .