حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،حضرت امام حسین علیہ السلام کے روضہ مبارک کے ایک باخبر ذریعے کے حوالے سے بتایا ہے کہ اب تک اربعین حسینی کے پیش نظر جو زائرین صوبے کربلا میں وارد ہوئے ہیں، ان کی تعداد تقریبا دو کروڑ تک پہنچ چکی ہے۔اس سال 17 ستمبر بروز ہفتہ اربعین ہے۔ایک اندازے کے مطابق اس سال 3 کروڑ سے زائد زائرین کربلا پہنچیں گے۔
عراق کے ٹیلی گرام چینل سبرین نیوز کی رپورٹ کے مطابق،دو برسوں کی کورونا بندشوں کے بعد اس سال اربعین حسینی ایک خاص جوش و ولولے کے ساتھ منایا جا رہا ہے جس کے پیش نظر عراق اور دنیا سے بڑی تعداد میں زائرین کربلا کی جانب رواں دواں ہیں۔
اس سے پہلے عراق میں ایران کے سفیر محمد کاظم آل صادق نے اپنے ہموطن زائرین سے یہ اپیل کی تھی کہ اس سال وہ اپنے سفر کو خاص منصوبہ بندی کے ساتھ انجام دیں اور عراق میں زائرین کی بڑی تعداد کے پیش نظر نجف و کربلا میں اپنے قیام کی مدت کو کم سے کم رکھیں۔
آل صادق نے ایرانی زائرین سے اپیل کی کہ شدید گرمی، پانی کی قلت اور زائرین کی بڑی تعداد کو دیکھتے ہوئے ناکافی سہولتوں کے پیش نظر عراق کی جانب اپنے سفر کو مختصر کریں تاکہ دیگر زائرین بھی زیارت کی سعادت کو باآسانی حاصل کر سکیں۔