حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، املو،مبارکپور،ضلع اعظم گڑھ (اتر پردیش)ہندوستان/یہ جان کر سخت دلی صدمہ پہونچا کہ ،ایران کے صوبہ فارس کے مرکز شیراز میں واقع امام زادہ احمد بن امام موسیٰ کاظمؑ المعروف شاہ چراغ کے مزار کے احاطے میں زائرین پر دہشتگردانہ حملہ ہوا جس میں ابتدائی خبروں کے مطابق 15 زائرین کی شہادت واقع ہوئی ہے اور 45 سے زاید زخمی ہوئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق بروز بدھ 26 اکتوبر 2022ء شام 5:45 بجے نماز مغربین کے وقت 3 دہشت گرد حرم کے اندر گھس آئے اور زائرین پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا ابن حسن املوی واعظ نے اس دلحراش دہشتگردانہ حملہ کے بارے میں ایک مذ متی بیان جار ی کیا ہے جس میں مجمع علماء و واعظین پوروانچل کی جانب سے اس بزدلانہ شیطانی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس کو وہابی تکفیری اسلام دشمن ظالم طاقتوں کی بزدلانہ شیطانی حرکت سے تعبیر کیا گیا ہے۔وعدۂ الٰہی پر یقین رکھنا چاہئیے کہ عنقریب ظالم اپنے ظلم کا انجام دیکھ لیں گے۔
اس دکھ کی گھڑی میںہم امام زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف ،مراجع عظام، رہبر معظم آیۃ اللہ العظمیٰ آقائی خامنہ ای حفظہ اللہ تعالیٰ ،اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت اور عوام بالخصوص متاثرین کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہوئے شہداء کے لئے جنت میں بلندی درجات اور زخمیوں کے لئے جلد صحتیابی کے لئے بارگاہ خداوندی میں دعا کرتے ہیں،نیز شہداء اورمجروحین کے غمزدہ اہل خانودہ کے ساتھ اظہار ہمدری کرتے ہوئے صبر وتحمل کی تلقین کرتے ہیں۔
“أعظَمَ اللهُ اجورَنا واجورکم بمُصابِنا بِالحُسَینِ، وَ جَعَلَنا و ایّاکُم مِنَ الطّالِبینَ بِثارِهِ مَع وَلیّهِ الامامِ المَهدیِّ مِن آلِ مُحَمَّدٍ(ع)”خدا مصیبت ِحسین علیہ السلام میں ہمارے اور آپ کے اجر کو زیادہ قرار دے اور ہمیں ان لوگوں میں قرار دے جو ان کے ولی حضرت امام مہدی عجل اللہ فرجہ الشریف کے ساتھ ان کے خون ناحق کا بدلہ لینے والے ہیں‘‘۔