۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
آیت الله قافی

حوزہ/ آیۃ اللہ العظمی بروجردی (رح)، آیۃ اللہ خوئی (رح) اور امام خمینی (رح) کے شاگرد اور حوزہ ہائے علمیہ ایران کے بزرگ استاد آیۃ اللہ حاج شیخ محمد حسن قافی داعی اجل کو لبیک کہہ گئے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حوزہ ہائے علمیہ ایران کے بزرگ استاد اور آیۃ اللہ العظمی بروجردی (رح)، آیۃ اللہ خوئی (رح) اور امام خمینی (رح) کے مایہ ناز شاگرد آیۃ اللہ حاج شیخ محمد حسن قافی 87 سال کی عمر میں دارفانی کو الوداع کہہ کر دارِ بقا کی طرف کوچ کر گئے ہیں۔

حالات زندگی:

آیت اللہ قافی یزدی 1314 شمسی میں ایرانی شہر یزد کے ایک مذہبی گھرانے میں پیدا ہوئے۔ آپ نے مروجہ تعلیم حاصل کرنے کے بعد، دینی علوم کے حصول کیلئے حوزہ علمیہ یزد میں داخلہ لیا اور اس دوران آپ نے حوزہ کے مقدماتی اور اعلیٰ سطحی دورس حاج حسین مدرس، سید احمد مدرسی، محمد علی کازرونی جیسے عظیم اساتذہ سے پڑھے۔ بعدازاں مرحوم اعلیٰ دینی علوم کسب کرنے اور درس خارج میں مشغول ہونے کیلئے حوزہ علمیہ قم المقدسہ روانہ ہوئے اور آیۃ اللہ سید حسین بروجردی، سید محمد محقق داماد اور امام خمینی رحمۃ علیہم کے فقہ اور اصول کے دروس خارج سے کسبِ فیض کیا۔

انہوں نے علمِ فلسفہ شیخ جلال آیت‌اللهی سے حاصل کیا، علومِ تفسیر کیلئے شیخ موسی غضنفری کی شاگردی اختیار کی اور علومِ اخلاق و عرفان شیخ غلام رضا یزدی سے حاصل کئے۔

مرحوم آیۃ اللہ قافی یزدی حوزہ علمیہ قم سے فارغ التحصیل ہونے کے بعد اپنی تعلیم مکمل کرنے اور حوزہ علمیہ نجف اشرف کے عظیم اور بزرگ اساتذہ جیسے آیۃ اللہ العظمی سید ابو القاسم خوئی رحمۃ اللہ علیہ، سید محمود شاہرودی، سید عبدالہادی شیرازی، سید محسن طباطبائی حکیم، شیخ حسین حلی اور شیخ میرزا حسن یزدی سے کسب فیض کرنے نجف اشرف عراق روانہ ہوئے۔

سربراہِ حوزہ علمیہ یزد کے تعزیتی پیغام کا متن حسب ذیل ہے:

بِسْمِ الله الرَّحْمَٰنِ الرَّحِیمِ

انا لله و انا الیه راجعون

قال رسول الله صلی الله علیه وآله وسلم: مَوتُ العالِمِ ثُلمَةٌ فی الإسلامِ لا تُسَدُّ ما اختَلَفَ اللَّیلُ و النَّهارُ.

مفسر و مبین قرآن، معلمِ اخلاق اور حوزہ ہائے علمیہ کے اعلیٰ سطحی دورس کے بزرگ و جلیل القدر استاد حضرت آیۃ الله قافی کی المناک رحلت کی خبر سن کر نہایت ہی افسوس اور دکھ ہوا۔

مرحوم و مغفور انتھک مجاہد، فقیۂ جلیل القدر اور امام خمینی (قدس سرہ) کے شاگرد اور ان کی تحریک کے مجاہدوں میں سے ایک اور رہبرِ معظّم انقلاب حضرت امام خامنہ ای (ادام الله ظله) کے دیرینہ دوست تھے۔

مرحوم نے اپنی بابرکت زندگی قرآن کی خدمت اور دینِ نابِ محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اقدار کی ترویج و تبیین اور مکتبِ امام صادق علیہ السلام کے شاگردوں کی تربیت کیلئے وقف کردی۔

ہم؛ اس جلیل القدر فقیہ کے عظیم فقدان پر، ان کے شاگردوں، دارالعباد یزد کے مخلص لوگوں سمیت علم و دانش سے دلچسپی رکھنے والے تمام افراد اور خاص طور پر ان کے اہل خانہ اور بیٹوں سے تعزیت و تسلیت کا اظہار کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں مرحوم کی بلندی درجات اور مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل اور اجر جزیل کی دعا کرتے ہیں۔

والسلام علیکم و رحمة الله

شریکِ غم محمد شمس

سربراہِ حوزه علمیہ یزد

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .