حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین اسلام آباد کی جانب سے سیمینار بعنوان زن، زندگی آزادی اسلام کی نگاہ میں جامعہ معصومہ بہارہ کہو اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں مومنات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ سیمینار کے انعقاد میں ضلعی صدر اسلام آباد محترمہ صدیقہ کائنات اور ان کی کابینہ سمیت مرکزی آفس سیکرٹری محترمہ بینا شاہ نے بھرپور کاوش کی۔
سیمینار سے جناب مولانا مھدی کاظمی، محترمہ پارس فاطمہ، محترمہ عنصر زہرا پرنسپل جامعہ معصومہ جبکہ مرکزی خطاب مرکزی صدر مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین محترمہ سیدہ معصومہ نقوی صاحبہ نے کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ تمام لوگ جو صرف دھوکہ دینے کے لئے خواتین کی آزادی کا نعرہ لگاتے ہیں دراصل چاہتے ہیں معصوم مسلم عورتوں کو ہوس پرستی اور فحاشی کی زنجیروں میں قید کریں اور ان سے اس راہ میں غلامی کروائیں ، جبکہ دین اسلام ہی ہے جو ہماری مومنات کو اصل آزادگی اور حریت کی طرف دعوت دینے والا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ انشاء اللہ وطن عزیز میں ایک دن ایسا آئے کہ اسلامی جمہوریہ ہونے کے ناطے حجاب کو قانونی طور پر مسلم خواتین کے لئے لازمی قرار دیا جائے ، تمام مسلمان خواتین موظف ہوں گھروں سے نکلتے وقت سروں کو ڈھانپ کر باہر نکلیں کیونکہ اصل آزادی نام ہی اسی کا ہے کہ انسان نفس کی غلامی سے آزاد ہو جائے اور اللہ تعالیٰ کے بنائے ہوئے قوانین کا تابع ہوجائے۔