حوزہ نیوز ایجنسی کے رپورٹر کے مطابق، آیت اللہ سعیدی نے ایران کے شہر قم المقدسہ میں نماز جمعہ کے خطبہ کے دوران کہا: تقویٰ ہی وہ عنصر ہے جو ہمیں شیعیانِ اہلبیت علیہم السلام میں سے قرار دلوا سکتا ہے۔ حضرت زہراسلام اللہ علیہا کا ولایت سے دفاع کرنا اور دشمنوں کا مقابلہ کرنا ان کی زندگی کے اہم ترین امور میں سے تھا۔
انہوں نے مزید کہا: موجودہ حالات میں دشمن حجاب کے بہانے نوجوانوں کو بہکانا چاہتا ہے اور اپنے تئیں حجاب نہ پہننے کو قومی احتجاج کی علامت بنانا چاہتا ہے اور اسے ثقافتی اور سماجی زمرے سے سیاسی زمرے میں بدلنا چاہتا ہے۔ لوگوں کے جذبات کو ابھارنا اور معاشرے کے مذہبی ماحول کو حساس بنانے وغیرہ جیسے امور کے ذریعہ دشمن چاہتا ہے کہ معاشرتی بحران وجود میں لائے اور لوگوں کو ایک دوسرے کے ساتھ دست و گریبان ہونے پر مجبور کرے۔
خطیب جمعہ قم نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا: ان ایام میں حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت اور تدبر سے سبق لینے کی ضرورت ہے۔ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کے قیام کی اولین ترجیح وحدتِ ملّی کا تحفظ تھا۔
انہوں نے کہا: رہبر معظم انقلاب اسلامی نے حرم شاہ چراغ (ع) کے شہداء کے اہل خانہ سے ملاقات میں فرمایا کہ "یہ واقعہ تاریخ میں باقی رہے گا اور انہوں نے اس واقعہ کے پس پردہ محرکات کی رسوائی پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ثقافتی اور ہنری اداروں کو اس مسئلے پر توجہ دینی چاہیے اور اسے آنے والی نسلوں تک منتقل کرنا چاہیے۔