۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
حیدرآباد، اصغریہ تحریک کی مرکزی مجلس عاملہ کے 2 روزہ "اسلامی معاشرہ سازی" اجلاس کا انعقاد

حوزہ/ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین تحریک سید حسین موسوی نے کہا کہ مومنین کو اپنے دینی قائد کے فیصلے کا احترام کرنا چاہئیے اور اپنے دینی قائد کے حکم پر لبیک کہنا چاہیئے، تاکہ لوگ آپس میں اختلاف سے بچ سکیں، مومنین کی تحقیر کرنا سختی سے منع کیا گیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،اصغریہ علم و عمل تحریک پاکستان کی مرکزی مجلس عاملہ کا دو روزہ "اسلامی معاشرہ سازی" اجلاس ٹنڈو سعید حیدرآباد میں مرکزی صدر شہزاد رضا کی زیر صدارت منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص، بدین، مٹیاری، نوابشاہ، نوشہروفیروز، دادو، خیرپورمیرس، لاڑکانہ، قمبر شہدادکوٹ، جیکب آباد، سکھر اور سندھ کے دیگر شہروں سے مجلس عاملہ کے اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس کے پہلے روز تمام شرکاء کی رجسٹریشن کی گئی, جس کے بعد نماز مغربین باجماعت ادا کی گئی۔ پہلے روز کی پہلی نشست کا آغاز ایاز علی لاشاری نے قرآن پاک کی تلاوت سے کیا، جس کے بعد مرکزی صدر شہزاد رضا نے مجلس عاملہ اراکین کا شکریہ ادا کیا۔ مرکزی جنرل سیکریٹری ماجد حسین نے اجلاس کے اغراض و مقاصد بیان کیئے، جس کے بعد مجلس عاملہ کے اراکین کی حلف برداری کی تقریب منعقد کی گئی۔ مجلس اعلیٰ کے صدر محمد عالم ساجدی نے ابلاغ عامہ کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دور میں سوشل میڈیا اہم ذریعہ ہے، تعلیمات اہلبیتؑ کی ترویج اور تبلیغ کیلئے ایک اہم ذریعہ ہے، ہمیں سوشل میڈیا کا مؤثر استعمال کرنا چاہئے۔

مجلس عاملہ اجلاس سے چیئرمین تحریک انجینئر سید حسین موسوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ سال اسلامی معاشرہ سازی کے عنوان سے منایا جا رہا ہے، اس لئے ہمیں اسلام کا حقیقی چہرہ معاشرے تک پہنچانا چاہئیے اور معاشرہ سازی کے سلسلے میں اس سال گاؤں و محلہ سدھار شعبے کے حوالے سے کام کرنے کی ضرورت ہے، جس میں تعلیم، شجرکاری، صحت اور صفائی کے نظام کے حوالے سے ہر محلے اور گاؤں میں کام کرنا ہے، تاکہ معاشرے میں ایک مثبت پیغام کو عام کیا جائے۔ مجلس عاملہ اجلاس میں سالانہ پروگرام پیش کیا گیا اور مرکز، ڈویژن اور اضلاع کا سالانہ اوقات نامہ ترتیب دیا گیا۔ مجلس عاملہ کے دوسرے روز بعد باجماعت نماز فجر کے بعد سید حسین موسوی نے تفسیر قرآن پر درس دیا، سید حسین موسوی نے سورہ حجرات کی تفسیر بیان کرتے ہوئے کہا کہ سورہ حجرات میں مؤمن کی دینی اور سماجی ذمہ داری کے حوالے سے گفتگو کی گئی ہے، سورہ حجرات تین موضوعات پر مشتمل ہے، پہلا دینی قیادت کے ساتھ مومنین کی ذمہ داریاں، دوسرا مومنین کے ساتھ مومنین کی ذمہ داریاں اور تیسرا مومنین کی دینی قانون اور اصولوں کے ساتھ ذمہ داریاں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مومنین کو اپنے دینی قائد کے فیصلے کا احترام کرنا چاہئیے اور اپنے دینی قائد کے حکم پر لبیک کہنا چاہیئے، تاکہ لوگ آپس میں اختلاف سے بچ سکیں، مومنین کی تحقیر کرنا سختی سے منع کیا گیا ہے۔

مجلس عاملہ کے دوسرے روز کی دوسری نشست میں بجٹ سازی کے حوالے سے نشست کا انعقاد کیا گیا، جس میں سید شکیل حسینی نے بجٹ کے حوالے سے اراکین کو تفصیل سے آگاہ کیا اور اپنے تنظیمی پروگراموں کے بجٹ بنانے کے حوالے سے تربیت دی۔ ابلاغ عامہ کے مرکزی سیکریٹری سجاد علی ساجدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اصغریہ تحریک کی جانب سے جلد ہی اصغریہ نیوز چینل کا آغاز کیا جائے گا، جس میں تمام تنظیمی افراد کو شامل کیا جائے گا، کیونکہ یہ دور سوشل میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا کا دور ہے، ہمیں ہر میدان میں اپنے کارکنوں کی تربیت کرنی چاہئیے، تاکہ وہ اپنے کام کو بہتر انداز میں سرانجام دے سکیں۔ اجلاس کے آخر میں اصغریہ علم و عمل تحریک پاکستان کے سابق مرکزی رہنما مرحوم امداد علی خلیلی کی برسی کی مناسبت سے نشست کا انعقاد کیا گیا، جس میں مرحوم امداد علی خلیلی کی تنظیم اور دین کیلئے خدمات پر ان کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ پروگرام کا اختتام دعائے سلامتی امام زمانہ (عج) سے کیا گیا۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .