حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اصغریہ علم و عمل تحریک پاکستان کی مرکزی مجلس عاملہ کا دو روزہ اسلامی معاشرہ سازی اجلاس 31 دسمبر 2022ء اور یکم جنوری 2023ء بروز ہفتہ اور اتوار ٹنڈو سعید حیدرآباد میں مرکزی صدر برادر شہزاد رضا کی زیر صدارت منعقد کیا گیا۔ جس میں کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص، بدین، مٹیاری، نوابشاہ، نوشہروفیروز، دادو، خیرپورمیرس، لاڑکانہ، قمبرشہدادکوٹ، جیکب آباد، سکھر اور سندھ کے دیگر شہروں سے مجلس عاملہ کے اراکین نے شرکت کی۔
اجلاس کے پہلے روز تمام شرکاء کی رجسٹریشن کی گئی جس کے بعد نماز مغربین باجماعت ادا کی گئی۔ پہلے روز کی پہلی نشست کا آغاز برادر ایاز علی لاشاری نے قرآن پاک کی تلاوت سے کیا۔ جس کے بعد مرکزی صدر برادر شہزاد رضا نے مجلس عاملہ اراکین کا شکریہ ادا کیا۔
مرکزی جنرل سیکریٹری برادر ماجد حسین نے اجلاس کے اغراض و مقاصد بیان کیے جس کے بعد مجلس عاملہ کے اراکین کی حلف برداری تقریب منعقد کی گئی۔
مجلس اعلیٰ کے صدر محترم محمد عالم ساجدی نے ابلاغ عامہ کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی، ان کا کہنا تھا کہ ”آج کے دور میں سوشل میڈیا تعلیمات اہلبیت کی ترویج اور تبلیغ کے لئے ایک اہم ذریعہ ہے۔ ہمیں سوشل میڈیا کا مؤثر استعمال کرنا چاہئے۔
مجلس عاملہ اجلاس سے چیئرمین تحریک استاد محترم سید حسین موسوی نے خطاب کیا ان کا کہنا تھا کہ "یہ سال اسلامی معاشرہ سازی کے عنوان سے منایا جا رہا ہے اس لئے ہمیں اسلام کا حقیقی چہرہ معاشرے تک پہنچانا چاہئیے اور معاشرہ سازی کے سلسلے میں اس سال گاؤں و محلہ سدھار شعبے کے حوالے سے کام کرنے کی ضرورت ہے جس میں تعلیم، شجرکاری، صحت اور صفائی کے نظام کے حوالے سے ہر محلے اور گاؤں میں کام کرنا ہے تاکہ معاشرے میں ایک مثبت پیغام کو عام کیا جائے۔"
مجلس عاملہ کے اجلاس میں سالانہ پروگرام پیش کیا گیا اور مرکزی، ڈویژن اور اضلاع کا سالانہ اوقاتنامہ ترتیب دیا گیا۔
مجلس عاملہ کے دوسرے روز یکم جنوری 2023ء کا آغاز نماز فجر باجماعت سے ہوا جس کے بعد چیئرمین تحریک استاد محترم سید حسین موسوی نے تفسیر قرآن پر درس دیا، سید حسین موسوی نے سورہ حجرات کی تفسیر بیان کرت ہوئے کہا کہ سورہ حجرات میں مؤمن کی دینی اور سماجی ذمہ داری کے حوالے سے گفتگو کی گئی ہے، سورہ حجرات تین موضوعات پر مشتمل ہے : پہلا دینی قیادت کے ساتھ مومنین کی ذمیداریان : دوسرا مومنین کے ساتھ مومنین کی ذمہ داریاں اور تیسرا مومنین کی دینی قانون اور اصولوں کے ساتھ ذمہ داریاں۔
انہوں نے مزید کہا: مومنین کو اپنے دینی قائد کے فیصلے کا احترام کرنا چاہئیے اور اپنے دینی قائد کے حکم پر لبیک کہنا چاہیئے تاکہ لوگ آپس میں اختلاف سے بچ سکیں، مومنین کی تحقیر کرنا سختی سے منع کیا گیا ہے۔
مجلس عاملہ کے دوسرے روز کی دوسری نشست میں بجٹ سازی کے حوالے سے نشست کا انعقاد کیا گیا جس میں محترم سید شکیل حسینی نے بجٹ کے حوالے سے اراکین کو تفصیل سے آگاہ کیا اور اپنے تنظیمی پروگراموں کی بجٹ بنانے کے حوالے سے ٹریننگ دی۔ ابلاغ عامہ کے مرکزی سیکریٹری برادر سجاد علی ساجدی نے اپنے خطاب میں کہا کے اصغریہ تحریک کی جانب سے جلد ہی اصغریہ نیوز چینل کا آغاز کیا جائے گا جس میں تمام تنظیمی افراد کو شامل کیا جائے گا کیونکہ یہ دور سوشل میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا کا دور ہے ہمیں ہر میدان میں اپنے کارکنوں کی تربیت کرنی چاہئیے تاکہ وہ اپنے کام کو بہتر انداز میں سرانجام دے سکیں۔
اجلاس کے آخر میں اصغریہ علم و عمل تحریک پاکستان کے سابقہ مرکزی رہنما (مرحوم) امداد علی خلیلی کی برسی کی مناسبت سے نشست کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں مرحوم امداد علی خلیلی کی تنظیم اور دین کیلئے کی گئی خدمات پر ان کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ پروگرام کا اختتام دعائے امام زمانہ (عجل) سے کیا گیا۔