حوزه نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجمع جہانی برائے تقریب مذاہب اسلامی کے سربراہ حجۃ الاسلام والمسلمین حمید شهریاری نے کردستان میں «حجاب و عفاف فاطمی» کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ تیسری صدی میں جو مکتب، عالم بشریت کیلئے حقیقی معنوں میں تبدیلی پیدا کرنے میں کامیاب رہا وہ امام راحل رحمۃ اللہ علیہ کا مکتب تھا اور شہید قاسم سلیمانی کے مکتب کو انہی مکاتب کا پروردہ سمجھا جا سکتا ہے۔
مجمع جہانی برائے تقریب مذاہب اسلامی کے سربراہ نے کہا کہ یہ بات روز روشن کی طرح واضح ہے کہ مکتب انقلابِ اسلامی کے سامنے مادیت پسند مکاتب کھڑے ہیں اور مغربی لبرل ازم کا مکتب دنیا میں پھیلنے کی بھرپور کوشش کر رہا ہے۔
حجۃ الاسلام والمسلمین شهریاری نے مزید کہا کہ آج مغرب اور امریکیوں کے مادہ پرست مکاتب کا شہید قاسم سلیمانی کے مکتب سے تقابل ہے اور یقیناً اس محاذ آرائی کا فاتح شہید قاسم سلیمانی کا مکتب ہوگا۔
مجمع جہانی برائے تقریب مذاہب اسلامی کے سربراہ نے کہا کہ مغربی دنیا اپنے ناپاک منصوبوں سے مسلمان عورت کی شناخت ختم کرنے کی کوشش کرتی ہے اور وہ اس مقصد کیلئے سالانہ اربوں ڈالر خرچ کرتی ہے، تاکہ مسلمان عورت کا حجاب اتار سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج یہ بات سب پر نمایاں ہے کہ مغربی ممالک میں خواتین کو نہ صرف ان کے حقوق اور حقیقی مقام حاصل ہے بلکہ آزادی کا نعرہ لگانے والے ان ممالک میں ناجائز تعلقات بھی خاندانوں کے ایک دوسرے سے جدا ہونے کی وجہ بن چکے ہیں۔
حجۃ الاسلام والمسلمین شهریاری نے کہا کہ لبرل ازم کا مکتب کسی اصول اور اقدار کا پابند نہیں ہے، کیونکہ دنیا گواہ ہے کہ اس نظام نے انسانی اقدار اور آزادی کو سلب کر دیا ہے، لہٰذا ہمیں کوشش کرنی چاہیئے کہ معاشرے میں اعلیٰ انسانی اقدار مغرب اور دشمنوں کے پروپیگنڈے سے متاثر نہ ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج جس معاشرے مغربی انسان زندگی بسر کرتا ہے، وہ اس معاشرے کی ثقافت کے زیر اثر ایک تنہا اور الگ تھلگ انسان بن چکا ہے، جبکہ اسلام میں ایسا نہیں ہے اور یہ آسمانی دین خاندانی، باہمی اور انسانی تعلقات پر زور دیتا ہے۔
مجمع جہانی برائے تقریب مذاہب اسلامی کے سربراہ نے وضاحت کی کہ تازہ ترین تحقیقات کے مطابق، صرف امریکہ میں ناجائز جنسی تعلقات کیلئے سالانہ 9.5 بلین ڈالر سے زیادہ کا کاروبار ہوتا ہے اور یہ مغربی خواتین کی غلامی کا بہترین اور اہم ترین ثبوت ہے۔
حجۃ الاسلام والمسلمین شہریاری نے اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ مغربی دنیا میں خاندان کی بنیادیں تباہ ہو رہی ہیں، کہا کہ دین اسلام، معاشرے میں عفت پر خصوصی توجہ دیتا ہے، کیونکہ حجاب انسانوں کے بہت سی انفرادی اور معاشرتی برائیوں اور بے ضابطگیوں سے دور رہنے کا باعث ہے۔