حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجمع جہانی تقرب اسلامی کے سکریٹری جنرل حجۃ الاسلام والمسلمین حامد شہریاری نے لبنان کے المیادین نیٹ ورک کے خصوصی پروگرام میں اسلامی مکالمے کے انعقاد کے لیے مصر کے شیخ الازہر کی دعوت کا تذکرہ کیا۔
حجۃ الاسلام شہریاری نے کہا کہ ایران نے مصر کے شیخ الازہر کی اسلامی مکالمے کی دعوت کا خیر مقدم کیا ہے۔ انہوں نے کہا، اسلامی دنیا میں موجودہ مسائل میں سے ایک اہم مسئلہ ایسے افراد ہیں جو مسلمانوں کی تکفیر کرتے ہیں، پورے دنیائے اسلام پر سلامتی اور استحکام کا راج ہونا چاہیے۔ یہ دونوں اسلامی مکالمے کا نتیجہ ہیں۔
ایک ہفتہ قبل بحرین میں پوپ کی موجودگی میں شیخ الازہر نے اسلامی اسکالرز سے اسلامی مکالمہ شروع کرنے کو کہا، انہوں نے کہا کہ میں اپنے شیعہ مسلمان بھائیوں کو اس طرح کے مکالمے کی دعوت دیتا ہوں۔
حجۃ الالسلام شہریاری نے ایران کی جانب سے شیخ الازہر کی دعوت کو قبول کرتے ہوئے کہا: میں شیخ الازہر کو تہران کے دورے کی دعوت دیتا ہوں۔
حجۃ الاسلام شہریاری نے کہا کہ ہم نےایک قبل اس دعوت کا جواب دیا ہے لیکن شیخ الازہر نے ابھی تک کوئی جواب نہیں دیا ہے اور میں یہاں المیادین نیٹ ورک سے انہیں اسلامی جمہوریہ ایران آنے کی دعوت دے رہا ہوں۔ میں مصر جانے کے لیے بھی تیار ہوں۔ ہم اسلامی مکالمے کی میزبانی کے لیے بھی تیار ہیں۔
المیادین نے پوچھا کیا آپ سرکاری دعوت دے رہے ہیں؟ حجۃ الاسلام شہریاری نے کہا جی ہاں، بس اب ہمیں شیخ الازہر احمد طیب کے جواب کا انتظار ہے۔ الازہر کے ساتھ ہمارا تعلق تاریخی رہا ہے اور ہمارے بہت سے مشترک پہلو ہیں کیونکہ الازہر کی بنیاد فاطمی حکومت نے رکھی تھی جو ایک شیعہ حکومت تھی۔ شیخ احمد طیب شیعہ مذہب کو پانچواں مذہب مانتے ہیں۔