حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے اراکین و عاملین نو منتخب دہہ و محلہ کمیٹیوں کے عہدہ داران کا ایک خصوصی اجلاس صدر دفتر پر منعقد ہوا، اجلاس کی صدارت تنظیم کے صدر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے کی اجلاس میں تنظیمی امورات پر مفصل تبادلہ خیال ہوا اور دہہ و محلہ کمیٹیوں کی سالانہ کارکردگیوں کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقعہ پر حجت الاسلام آغا سید مجتبیٰ عباس الموسوی الصفوی نےتنظیم کے مختلف شعبہ جات کی کارکردگیوں کے ساتھ ساتھ آمدن و خرچہ جات کی تفصیلی رپورٹ پیش کی جس پر شرکاے اجلاس نے اطمینان کا اظہار کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ تنظیم کے بنیادی نصب العین اقامت دین کی عمل آوری کے لئے ہر ممکن تعاون پیش کریں گے اور مشکل حالات کو تنظیمی پروگراموں کی عمل آوری میں حائل راہ ہونے نہیں دیں گے۔
انجمن شرعی شیعیان کے صدر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے اراکین و عاملین اور بنیادی کمیٹیوں کی کارکردگیوں پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم کی خدمات کا دائرہ صدیوں پر محیط ہے اور تنظیم ابتدا سے ہی صرف اور صرف عوامی تائید و تعاون کے بل پر مصروف عمل رہی ہے دین کی تبلیغ و تشہیر کے حوالے سے تنظیم نے ایک تاریخ رقم کی ہے اور وادی کشمیر کے طول و عرض میں دین اثاثوں اور موقوفات کی تعمیر و تجدید میں بھی نمایاں کردار ادا کیا ہے آغا صاحب نے زیر تعمیر جامع مسجد المصطفیٰ کو ایک تاریخی اقدام اور قوم کے اجتماعی خواب کی تعبیر قرار دیتے ہوئے اراکین سے تقاضا کیا کہ وہ اس بھاری منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے عوام کو مالی تعاون کی طرف متوجہ کریں۔
اجلاس کی دوسری نشست میں انقلاب اسلامی ایران کی 44ویں جشن سالگرہ منعقد ہوئی جس میں مقررین نے انقلاب اسلامی ایران کی اہمیت اعتباریت حقانیت اور افادیت کے مختلف گوشوں کی وضاحت کی اور شہداے انقلاب اسلامی ایران کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔