حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، ایران کے صوبہ بوشہر کے شہر برازجان کے امام جمعہ حجت الاسلام والمسلمین حسن مصلح نے گذشتہ رات گورنریٹ کے ساتھ واقع پارک میں منعقدہ محفلِ قرآن کریم میں شرکت کی اور قرآن کریم کی تلاوت کرتے ہوئے کہا: قرآن کریم الہی ذخائر کا سب سے زیادہ واضح سرچشمہ، خدا کے آخری رسول کا معجزہ اور کتابِ زندگی ہے کہ جو بشریت کے لیے حیاتِ طیبہ کو مشخص کرتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا: معاشرے میں قرآن و عترت کی ثقافت کو فروغ دینے اور اسے عام کرنے کا سب سے بنیادی طریقہ قرآن پر عمل کرنا ہے کیونکہ اگر ہم قرآن پڑھتے ہیں یا حفظ کرتے ہیں تو اس کے لیے ضروری ہے کہ اس کی آیات پر عمل کرنے کے لیے بھی ایک قدم اور اٹھائیں ورنہ ہم قرآن کے سامنے جوابدہ ہوں گے اور ہم اپنی زندگی اور معاشرے میں اس کی تاثیر اور مثبت اثرات کا مشاہدہ نہیں کر پائیں گے۔
امام جمعہ برازجان نے کہا: نوجوانوں کے قرآنی میدان میں زیادہ سے زیادہ دسترسی حاصل کرنے کے لیے معاشرے میں قرآنی شخصیات کے وقار کا تحفظ ضروری ہے۔
حجت الاسلام مصلح نے کہا: قرآن اور قرآنی تعلیمات سے آشنا ہونے کا بہترین موقع جوانی اور نوجوانی کا دور ہے کیونکہ اس دور میں جو کچھ سیکھا جاتا ہے وہ دائمی اور ابدی ہوتا ہے۔