۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
تعویض پرچم گنبد حرم امام حسین ع

حوزہ/ گنبد حرم امام حسین و حرم مولاعباس علیہما السلام پر سیاہ پرچم نصب کرتے وقت پوری کربلا لبیک یا حسین (ع) کی صداؤں سے گونچ اٹھی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، گزشتہ شب حرم امام حسین علیہ السلام اور حرم مولا عباس علیہ السلام کے گنبد پر سیاہ پرچم نصب کر دیا گیا ہے، اس موقع پر لاکھوں افراد بین الحرمین اور کربلائے معلی میں اطراف حرم موجود تھے۔

یہ پرچم ہر سال چاند رات کو نصب کیا جاتا ہے، یہی وجہ ہے کہ عراقیوں نے شب اول محرم فرض کرتے ہوئے حرم کے پرچم کو بدل کر سیاہ پرچم نصب کیا تھا لیکن آیت اللہ العظمیٰ سیستانی کا بیان آنے کے بعد جمعرات کو پہلی محرم کا اعلان کیا گیا۔

چوں کہ اس پروگرام کے تمام مقدمات پہلے سے ہی فراہم ہو چکے تھے لہذا خادمین حرم، متولیان اور لاکھوں زائرین کی موجودگی میں اس رسم کو ادا کیا گیا اور گنبد پر سیاہ پرچم نصب کر دیا گیا۔

کربلائے معلی بین الحرمین میں نماز مغرب و عشا کی ادائیگی کے بعد لوگوں کے جم غفیر کو دیکھتے ہوئے بین الحرمین کے تمام ورودی دروازوں کو بند کر دیا گیا۔

پروگرام کے شروع ہوتے ہی کربلا میں لبیک یا حسین (ع) کی صدائیں گونچنے لگیں، اس کے بعد خادمین حرم پرچم کو بدلنے کے لئے گنبد پر گئے اور قرآن مجید کا سایہ کیا اور چند آیتوں کی تلاوت کی، اور وہ پرچم جن پر ’’لبیک یا حسینؑ‘‘ اور ’’یا ساقی عطاشی‘‘ لکھاہوا تھا، ترتیب کے ساتھ دونوں حرم کے گنبدوں پر نصب کیا۔

پرچم کے نصب ہوتے ہی بین الحرمین لبیک یا حسین کی صدائیں ابھی بلند ہی تھیں کہ وہ لائٹس جو سبز رنگ کی ہوا کرتی ہیں، انہیں بند کر دیا گیا اور لال رنگ کی لائٹس کو جلا دیا گیا، اور اسی کے ساتھ ایک غم و اندوہ کی فضا چھا گئی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .