حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لکھنؤ/ امام باڑہ میرن صاحب مرحوم مفتی گنج کا قدیمی عشرہ مجالس شب میں ٹھیک 9 بجے منعقد ہو رہا ہے، جسے مولانا مصطفی علی خان ادیب الہندی صدر ادیب الہندی سوسائٹی لکھنو خطاب فرما رہے ہیں ۔
عشرہ مجالس کی پہلی مجلس کو خطاب کرتے ہوئے مولانا مصطفی علی خان نے فرمایا: محرم اور مجالس عزا ایک عظیم نعمت ہے جو خدا نے ہمیں عطا کی ہے ،عزاداری رسم نہیں عبادت ہے اور جس طرح ہر عبادت کے آداب و احکام ہوتے ہیں عزاداری کے بھی آداب و احکام ہیں ہمارے لئے ضروری ہے کہ ہم اس کی رعایت کریں اور اپنے بچوں کو بھی اس کی تعلیم دیں۔
مولانا مصطفیٰ علی خان نے فرمایا: یہ عزاداری ہی ہے جس سے ہم باقی ہیں ، یہ عزاداری ہی ہے جو ہماری شناخت ہے ، یہی عزاداری ہمارا شرف اور افتخار ہے ، لہذا ہمیں اس پر خاص توجہ دینی چاہئیے اور ہم اسی طرح عزاداری کریں جیسے ائمہ معصومین علیہم السلام نے کی اور ہمیں حکم دیا ہے۔ آخر میں مولانا نے امام حسین علیہ السلام کی مدینہ سے روانگی کے مصائب بیان کئے۔