حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، فلسطینی وزارت صحت کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے نابلس کے علاقے الطور میں ایک کار پر اندھا دھند فائرنگ کی جس میں تین فلسطینی شہید ہوگئے۔
فلسطینی خبر رساں ادارے وفا نے سیکیورٹی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ صہیونی فوجیوں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور طبی کارکنوں اور صحافیوں کو کئی گھنٹوں تک جائے وقوعہ تک پہنچنے کی اجازت نہیں دی۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں نے شہید ہونے والوں کی لاشوں کو اس کار کے ساتھ قبضے میں لے لیا جو نشانہ تھی اور فی الوقت انہیں مقتولین کے اہل خانہ کے حوالے کرنے سے انکار کر دیا۔
اس دوران عینی شاہدین نے بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں نے اپنے جرم کو چھپانے کی کوشش میں علاقے میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کو بھی نشانہ بنایا۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فوجیوں نے تین فلسطینی بندوق برداروں کو ہلاک کر دیا ہے اور ان کی گاڑی سے تین اسالٹ رائفلیں، ایک ہینڈ گن اور دیگر سامان قبضے میں لے لیا ہے۔