حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی ایران کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی نے سویڈن میں قرآن مجید کو نذر آتش کرنے کے واقعے پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ قرآن مجید سمیت مسلمانوں اور توحید پرستوں کی مذہبی مقدسات کی مسلسل توہین سے پتہ چلتا ہے کہ یہ اقدامات اسلام مخالف قوتوں کی شیطانی سیاست کا حصہ ہیں۔
انہوں نے کہا: اسلام دشمن قوتیں اپنے مکروہ عزائم کو پورا کرنے کے لیے آزادی بیان جیسے پرفریب نعروں کا سہارا لے رہی ہیں۔
میجر جنرل حسین سلامی نے کہا: ان توہین آمیز واقعات کے نتیجے میں امت مسلمہ کے درمیان مزید اتحاد پیدا ہونے کے ساتھ ساتھ دنیا کے جوانوں اور نئی نسل میں بیداری اور اسلام اور قرآن مجید کی اعلی تعلیمات سے آگاہی میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے مزید کہا: ان مذموم واقعات کی روک تھام کے لیے اسلامی ممالک اور مسلم اقوام کو ٹھوس اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ ہم قرآن مجید کی توہین کی اجازت نہیں دیں گے۔