اتوار 10 ستمبر 2023 - 18:52
مومنین اپنی صفوں میں اتحاد، اخوت اور اعتماد کی فضاء قائم رکھیں، علامہ امین شہیدی

حوزہ / سربراہ امت واحدہ نے کہا: اس موقع پر دشمن کی پوری کوشش ہوگی کہ وہ تشیع کے فرزندوں کو اس معاملے میں کنفیوز کر کے باہمی اختلاف کا شکار اور آپس میں دست و گریبان کرے تاکہ اس عظیم اتحاد اور یکجہتی کی فضاء کو متاثر کیا جا سکے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، امت واحدہ کے سربراہ علامہ محمد امین شہیدی نے کہا ہے کہ اللہ، رسول (ص) اور آپ کی اولادوں کی ولایت پر کامل ایمان، دینی اقدار کی محبت، بزرگ علماء اور قائدین کے اخلاص، قوم کی یکجہتی، مکتب اہل البیت علیہم السلام کے تمام پیروکاروں کے اتحاد اور ذاکرین خطباء علماء اور جوانوں کے اتفاق کے نتیجے میں یکم ربیع الاول کے اسلام آباد اجتماع سے قبل ہی چوری چھپے پیش کرده چور بل صدر پاکستان نے اعتراض لگاکر مسترد کر دیا، اس بنا پر قیادت کی جانب سے اعلان کر دیا گیا ہے کہ بل کی اصل صورتحال اور نتائج واضح ہونے تک یکم ربيع الاول کا اجتماع ملتوی کیا جا رہا ہے۔۔

انہوں نے کہا: قوم کا ہر وہ فرد قابل تعریف اور لائق تحسین ہے جس نے اس موقع پر پورے ایمانی جذبہ کے ساتھ اپنی بیداری کا ثبوت دیا اور میدان میں اترنے کی بھرپور تیاری کی۔

علامہ امین شہیدی کا مزید کہنا تھا کہ اس موقع پر دشمن کی پوری کوشش ہو گی کہ وہ تشیع کے فرزندوں کو اس معاملے میں کنفیوز کر کے باہمی اختلاف کا شکار اور دست و گریبان کرے تاکہ اس عظیم اتحاد اور یکجہتی کی فضاء متاثر ہو جائے۔ مومنین اپنی صفوں میں اتحاد، اخوت اور اعتماد کی فضاء قائم رکھیں اور دشمنوں کی تمام ریشہ دوانیوں پر نظر رکھتے ہوئے اپنی بیداری اور شعور کا ثبوت دیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .