۲۳ آذر ۱۴۰۳ |۱۱ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 13, 2024
مولانا علی حیدر فرشتہ

حوزہ/ سرپرست اعلیٰ مجمع علماءوخطباء حیدرآباد دکن نے کرمان ایران واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ نا قابل انکار حقیقت ہے کہ شہیدوں کا اسلام کی نظر میں بہت بلند مقام و مرتبہ ہے۔ ملک و ملت، دین ومذہب، حق و صداقت کی راہ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کا بڑا احسان ہوا کرتا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سرپرست اعلیٰ مجمع علماءوخطباء حیدرآباد دکن حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا علی حیدر فرشتہ نے کرمان ایران واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ نا قابل انکار حقیقت ہے کہ شہیدوں کا اسلام کی نظر میں بہت بلند مقام و مرتبہ ہے۔ ملک و ملت، دین ومذہب، حق و صداقت کی راہ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کا بڑا احسان ہوا کرتا ہے۔

شہید جنرل قاسم سلیمانی کا امت مسلمہ پر ناقابل تنسیخ حق ہے، مولانا علی حیدر فرشتہ

انہوں نے مزید کہا کہ قرآن مجید میں سورہ ٔ بقرہ آیت نمبر 154میں ارشاد خداوندی ہو رہا ہے کہ : اور جو لوگ اللہ کی راہ میں قتل کئے جاتے ہیں ان کی نسبت یہ بھی مت کہو کہ (وہ معمولی مردوں کی )مردے ہیں بلکہ وہ تو(ایک ممتاز حیات کے ساتھ )زندہ ہیں لیکن تم (اِن) حواس سے (ا’س حیات) کا ادراک نہیں کر سکتے‘‘۔

مولانا علی حیدر فرشتہ نے کہا کہ علماء کا کہنا ہے کہ شہیدوں کی روحانی طاقت وقوت میں ان کی ظاہری حیات سے زیادہ کرشماتی اثر پیدا ہو جاتا ہے کیونکہ ان کی روحیں قفس عنصر ی سے آزاد ہو جانے کے بعد مزید طاقتور و باکرامت ہو جاتی ہیں۔ یہی وہ راز ہے کہ دشمنان دین و مذہب اور معاندین ملک و ملت بھی خوب سمجھ رہے ہیں۔ اسی وجہ سے شہیدوں کی قبروں،روضوں،مزاروں پر آج کے علمی دور میں بھی گھسیانی بلی کی طرح بزدلانہ جان لیوا حملے اور بمباری جاری ہیں کیونکہ باطل قوتیں شہیدوں کی روحانی طاقت اور کرامت سے بری طرح ہراساںاور خوف زدہ ہیں کیونکہ شہید ہمیشہ انسانیت کے دشمنوں،دہشت گردوں کے غیر انسانی باطل ارادوں اور سازشوں کے مقابلہ میں سد راہ ہو جاتے ہیں۔

ایسے ہی دور حاضر کے ایک وفادار،حق شعار،جاں نثار ،دیندار شہید حضرت قاسم سلیمانی رحمۃ اللہ علیہ بھی ہیں جن کی شہادت ایران،عراق، شام نیز ہند وستان وغیرہ کی اقوام کے لئے سرمایہ ٔافتخار ہے تو امت مسلمہ پر ناقابل تنسیخ حق ہے۔

یہ جان کر سخت دلی صد مہ ہوا کہ اسلامی جمہوری ایران کے صوبہ کرمان کے قبرستان گلزار شہداء میں واقع شہید جنرل قاسم سلیمانی رحمۃ اللہ علیہ کے روضہ کے نزدیک شہید قاسم سلیمانی کی چوتھی برسی کے پروگرام میں امندی لاکھوں کی بھیڑ میں زبردست دہشت گردانہ دو بم دھماکے ہوئے جن میں 95 سے زائد افراد جاں بحق اور 211 سے زیادہ لوگ زخمی ہوئےہیں۔

آخر میں انہوں نے مزید کہا کہ مجمع علماءوخطباء حیدرآباد دکن (تلنگانہ)ہندوستان کی جانب سے ہم اس دہشت گردانہ و بزدلانہ حملے کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔اور اس حادثہ میں مرنے والوں کی مغفرت و بلندی درجات کی دعا ءکرتے ہیں ۔اور تمام شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداء کے لواحقین و متعلقین نیز اسلامی جمہوری ایران کی حکومت و عوام ،مراجع عظام وعلماء و مومنین کرام کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہیں۔اور تمام زخمیوں کی جلد سے جلد صحتیابی کے لئے دعا گو ہیں۔ فقط والسلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .