حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، "الجزیرہ" نیوز چینل نے بعض ایرانی سفارت کاروں کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے آج دوپہر کے وقت امریکہ اور اسرائیلی حکومت کو نئے انتباہی پیغامات بھیجے ہیں۔
الجزیرہ نے دعویٰ کیا کہ تہران نے اسرائیلی حکومت کو تنبیہ کرنےکے بعد ترکی کے ذریعے امریکہ کو نیا پیغام بھیجا ہے۔
اس نیٹ ورک نے مزید دعویٰ کیا کہ تہران نے قاہرہ کے ذریعے اسرائیلی حکومت کو ایک اہم اور بے مثال انتباہی پیغام بھیجا ہے۔
اس دعوے کے مطابق ایران کے انتباہی پیغامات میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی حکومت کے کسی بھی حملے کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
یہ دعویٰ ایسے وقت میں منظر عام پر آیا ہے جب اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے حال ہی میں اعلان کیا ہے کہ ایران کا ہدف صیہونی حکومت کو خبردار کرنا تھا۔
اپنے جرمن ہم منصب سے فون پر بات کرتے ہوئے امیر عبداللہیان نے کہا: اگر اسرائیلی حکومت نے حملہ کیا توہمارا جوابی ردعمل فوری اور وسیع ہوگا۔
اسی دوران، ایران کے وزیر خارجہ نے کہا: اسلامی جمہوریہ ایران کا مقصد اسرائیلی حکومت کو خبردار کرنا ہے کہ وہ حدوں کو عبور کرنے کے نتائج کو سمجھ لے۔