۳۰ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۱ ذیقعدهٔ ۱۴۴۵ | May 19, 2024
1

حوزہ/ غزہ کے جنوبی شہر رفح پر صیہونی حکومت کے زمینی حملے اور سرحدی گزرگاہ کو اپنے کنٹرول میں کرنے پر الازہر یونیورسٹی مصر نے شدید رد عمل ظاہر کیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، غزہ کے جنوبی شہر رفح پر صیہونی حکومت کے زمینی حملے اور سرحدی گزرگاہ کو اپنے کنٹرول میں کرنے پر الازہر یونیورسٹی مصر نے شدید رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا: ہم فلسطینیوں کے شہر رفح کی زمینی گزرگاہ پر قابض اسرائیلی ٹینکوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، یہ ایک مکمل جنگی جرم ہے۔

الازہر نے مزید کہا:صہیونی حکومت نے شہر رفح پر حملے میں فلسطینیوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک کیا ہے اور یہ جرم صرف اور صرف دنیا کی خاموشی اور بے بسی کی وجہ سے ہو رہے ہیں جس کی وجہ سے لا تعداد معصوم اور بے گناہ لوگوں کی شہادت ہو رہی ہے، صہیونی حکومت نے وہاں حملہ کیا ہے جو فلسطینی شہریوں کی آخری پناہ گاہ ہے۔

جامعۃ الازہر نے اپنے بیان میں عالمی برادری اور متعلقہ بین الاقوامی اداروں اور تمام ذمہ دار فریقوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ غزہ کے باشندوں کے خلاف صیہونی حکومت کے وحشیانہ جرائم کے بارے میں اپنی ذمہ داریاں پوری کریں اور ان جرائم کو فوری طور پر بند کریں۔

واضح رہے کہ کل منگل کی صبح میڈیا نے اطلاع دی کہ صیہونی حکومت کے ٹینک غزہ کی پٹی کے جنوب میں واقع رفح کراسنگ میں داخل ہوئے اور ساتھ ہی اس شہر کے بعض علاقوں پر شدید بمباری کی اور قابض صہیونی فوج نے اس کراسنگ کے فلسطینی حصے کو اپنے کنٹرول میں لینے اور اس کے اردگرد موجود مزاحمتی قوتوں سے جھڑپوں کا دعویٰ بھی کیا ہے۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .