حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،صیہونی حکومت کی توپوں اور جنگی طیاروں نے گزشتہ شب غزہ کی پٹی کے جنوبی، شمالی اور مرکزی علاقوں کو نشانہ بنایا۔
فلسطینی ذرائع کے مطابق صہیونیوں کی جانب سے جن رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا ان میں جبالیا اور النصیرات کیمپ بھی شامل ہیں۔
غزہ سے الجزیرہ کے نامہ نگار نے اطلاع دی ہے کہ غزہ کی پٹی کے وسط میں النصیرات کیمپ کے مشرق میں عین جالوت کے علاقے میں واقع ایک ٹاور کے ایک اپارٹمنٹ پر اسرائیلی حکومت کے حملے کے نتیجے میں متعدد فلسطینی شہید اور کچھ زخمی ہوئے۔
الجزیرہ نے یہ بھی اطلاع دی ہے کہ غزہ کی پٹی کے انتہائی جنوبی مقام پر واقع شہر رفح میں صہیونی حملوں کے نتیجے میں 4 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔
غزہ کی وزارت صحت نے بدھ کے روز اعلان کیا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران قابض صہیونی فوج کے حملوں میں 60 فلسطینی شہید اور 80 زخمی ہوئے ہیں۔
وزارت نے مزید کہا کہ غزہ جنگ کے آغاز سے اب تک فلسطینی شہداء کی تعداد 35 ہزار 233 اور زخمیوں کی تعداد 79 ہزار 141 تک پہنچ گئی ہے۔
صیہونی حکومت نے غزہ کی پٹی میں طبی سہولیات، تعلیمی سہولیات اور عبادت گاہوں سمیت بہت سے اہم مقامات کو تباہ کر دیا ہے، غزہ کے لوگ صہیونی فوجیوں کے محاصرے میں ہیں اور انہیں ادویات اور خوراک کی اشد ضرورت ہے۔