۸ تیر ۱۴۰۳ |۲۱ ذیحجهٔ ۱۴۴۵ | Jun 28, 2024
ذاکر حسین

حوزہ/حرم مطہر کریمہ اہلبیت (ع) کے بین الاقوامی شعبہ کے خادم اور خاتم الانبیاء مشن کے سربراہ حجة الاسلام والمسلمین سید ذاکر حسین جعفری نے تعزیتی بیان جاری کرتے ہوئے شہداء کی مفارقت کو عظیم المیہ قرار دیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،ایران سمیت دنیا بھر میں صدر سید ابراہیم رئیسی اور ان کے ساتھیوں کی شہادت پر سوگ منایا جا رہا ہے۔ حجة الاسلام والمسلمین سید ذاکر حسین جعفری نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے محبوب صدر سید ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان، تبریز کے امام جمعہ اور گورنر کی شہادت پر سرکاری و غیر سرکاری سطح پر غم و اندوہ کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

صدر رئیسی انقلاب اسلامی کے بعد مختلف اہم عہدوں پر فائز رہے، حرم مطہر امام رضا علیہ السلام کے متولی کے طور پر زائرین کی خدمت میں شاندار اقدامات انجام دیے، عدلیہ کے سربراہ کے طور پر عدل و انصاف فراہم کیا، اور صدر بننے کے بعد ایران کی ترقی، معاشی صورتحال، اور بین الاقوامی تعلقات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے فلسطینی مسلمانوں کی مدد کرکے اسرائیل کی طاقت کو چیلنج کیا۔

حرم مطہر کریمہ اہلبیت (ع) کے بین الاقوامی شعبہ کے خادم اور خاتم الانبیاء مشن کے سربراہ حجة الاسلام والمسلمین سید ذاکر حسین جعفری کے تعزیتی پیغام کا متن درج ذیل ہے:

إِنَّا لِلَّٰهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ

كُلُّ نَفْسٍ ذَائِقَةُ الْمَوْتِ ۖ ثُمَّ إِلَيْنَا تُرْجَعُونَ (سوره عنکبوت آیت57)

ایرانی عوام کے محبوب صدر سید ابراہیم رئیسی انقلاب اسلامی کی کامیابی کے بعد اہم سرکاری عہدوں پر فائز رہے شہید سید ابراہیم رئیسی حرم مطہر امام رضا علیہ السلام کے متولی بھی رہے۔ انھوں نے اس دور میں زائرین کی خدمات کے سلسلے میں بہترین اور شاندار اقدامات انجام دیئے۔

شہید رئیسی ایرانی عدلیہ کے سربراہ بھی رہے اور اس عہدے پر انھوں نے عوام کو عدل و انصاف فراہم کرنے کے سلسلے میں اہم اور نمایاں کردار ادا کیا۔

شہید صدر رئیسی نے تین سال قبل صدارتی منصب سنبھالنے کے بعد ایران کی ترقی و پیشرفت اور معاشی اور اقتصادی صورتحال کو سنبھالنے میں اہم اور بنیادی کردار ادا کیا۔

انھوں نے ہمسایہ اور پڑوسی ممالک کے ساتھ سیاسی،اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو فروغ دینے میں بھی اہم اور کلیدی کردار ادا کیا۔

شہید رئیسی نے شانگہائی اور بریکس جیسی عالمی تنظیموں کے ساتھ ایران کوجوڑنے میں بھی شاندار اور نمایاں کردار ادا کیا۔

ایرانی عوام صدر رئیسی کی نمایاں اور درخشاں خدمات کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔

شہید صدر سید ابراہیم رئیسی نے غزہ اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کو مدد فراہم کرنے کے سلسلے میں بے مثال اور بے نظیر اقدامات انجام دیئے اور سرانجام اسرائیل پر کاری ضرب لگا کر مرد مومن ،مرد حق ، مرد مجاہد اور مرد عمل کے القابات اپنے نام کرلئے اور اسرائیل کی کھوکھلی طاقت کو دنیا کے سامنے نمایاں کرکے ثابت کردیا کہ اسرائیل امریکہ کی ظالمانہ حمایت کی وجہ سے فلسطینی عوام کو ظلم و ستم اور بربریت کا نشانہ بنا رہا ہے۔ علاقائی اور عالمی سطح پر دہشت گردی کو فروغ دیکر عدم استحکام پیدا کررہا ہے ۔

صدر شہید سید ابراہیم رئیسی کی خاص بات یہ تھی کہ وہ ولی امر مسلمین کے اوامر کے مطیع ، ایرانی عوام کے بہتریں خدمتگزار ، مسلمانوں اور مستضعفین کے انتہائی ہمدرد تھے۔

ایرانی عوام کے محبوب صدر شہید سید ابراہیم رئیسی اور ان کے ساتھیوں کی درد ناک اور المناک شہادت کے موقع پر رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی امام خامنہ ، شہداء کے اہلخانہ ، ایرانی عوام اور امام زمانہ (عج) کی خدمت میں تعزیت اور تسلیت پیش کرتا ہوں۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .