۲۱ آذر ۱۴۰۳ |۹ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 11, 2024
شهدای خدمت + سقوط بالگرد

حوزہ / ہیلی کاپٹر سانحہ میں ایران کے صدر، وزیر خارجہ اور دیگر ساتھیوں کی شہادت کی مناسبت سے ایران سمیت دنیا کے مختلف ملکوں اور علاقوں میں تعزیتی جلسوں اور مجالس عزا کا سلسلہ جاری ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، ہیلی کاپٹر سانحہ میں ایران کے صدر، وزیر خارجہ اور دیگر ساتھیوں کی شہادت کی مناسبت سے ایران کے مختلف علاقوں خاص طور سے مقدس شہروں مشہد، قم اور تہران شیراز اور اسی طرح مختلف دیگر علاقوں میں مجالس عزا کا سلسلہ جاری ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایرانی صدر اور ان کے ساتھیوں کی شہادت کی خبر کا اعلان ہوتے ہی لوگ گریہ و زاری کےساتھ باہر نکل آئے اور افسوس و صدمہ کا اظہار کرنے لگے ۔

اسی منسبت سے سوگواری کے پروگرام شروع ہوگئے اور مجالس عزا کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ ان مجالس عزا میں مصائب اہلبیت اطہار بیان کر کے گریہ و زاری کیا گیا اور صدر مملکت آیت اللہ شہید سید ابراہیم رئیسی اور ان کے ہمراہ شہید ہونے والے ساتھیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

مشہد مقدس میں آٹھویں امام حضرت امام علی رضا ع کے حرم مطہر اور قم المقدسہ میں حضرت فاطمہ معصومہ(س) کے روضہ اقدس میں زائرین کے رقت آمیز مناظر چلتے رہے جو اپنے محبوب صدر اور دیگر شہدا کو یاد کر کے گریہ کر رہے تھے۔

ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی اور ان کے ساتھیوں شہادت کی مناسبت سے ایران کے ساتھ ساتھ مختلف دیگر ملکوں منجملہ پاکستان کے مختلف شہروں کراچی اور اسلام آباد میں بھی مجالس عزا منعقد ہوئيں۔

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد اور کراچی سمیت مختلف علاقوں میں شہید آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی اور ان کے ساتھیوں کے سوگ میں مجالس عزا کا اہتمام کیا گیا۔

پاکستان کی تحریک تحفظ آئين کے زیر اہتمام اسلام آباد پریس کلب میں شہید آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی اور شہید ڈاکٹر حسین امیر عبداللّہیان اور ان کے ساتھ درجہ شہادت پر فائز ہونے والے دیگر شہدا کی یاد میں ایک مجلس عزا کا اہتمام کیا گیا۔ جس مجلس عزا میں پاکستان کی اہم سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں، صحافیوں اور سیول سوسائٹی کے اراکین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

شرکاء نے شہدائے ایران کی یاد میں منعقدہ اس مجلس عزا میں ایران کی حکومت اور عوام کو تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج پورا عالم اسلام سوگوار ہے۔

اسی طرح کی ایک مجلس عزا کا اہتمام اسلام آباد کے جامعہ امام صادق اسلامک سینٹر میں بھی کیا گیا۔ اس مجلس غم میں پاکستان کی اہم شخصیات، ممتاز سیاسی اور دینی عمائدین اور عوام کی ایک بڑی تعداد کے علاوہ، اسلام آباد میں پاکستان کے سفیر رضا امیری مقدم اور ایران کے کلچرل کونسلر مجید مشکی اور دیگر سفارتکاروں نے بھی شرکت کی۔

شہر کراچی میں بھی شہید آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی اور ان کے ہمرا ہیلی کاپٹر کے حادثے میں شہید ہونے والوں کی یاد میں مجلس عزا منعقد ہوئی۔ جس کا اہتمام شیعہ علما کونسل نے کیا تھا۔ پاکستان کے ممتاز مذہبی و سیاسی عمائدین، طلبا تنظیموں کے اراکین اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

پاکستان کے دیگر شہروں میں بھی اسی طرح کی مجالس کا اہتمام کئے جانے کی خبر ہے۔

جامعۃ المنتظر اور وفاق المدارس کے سربراہ حجت الاسلام والمسلمین سید حافظ ریاض حسین نجفی اور اسکردو کے امام جمعہ نیز انجمن امامیہ کے سربراہ شیخ محمد حسن جعفری نے الگ الگ پیغامات جاری کرکے شہید آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی اورشہید ڈاکٹر حسین امیر عبداللّہیان اور ان کے ساتھ درجہ شہادت پر فائز ہونے والے دیگر شہدا کے عروج ملکوتی پر رہبر انقلاب اسلامی، حکومت ایران اور عوام کو تعزیت پیش کی ہے۔

ہندوستان کے مختلف شہروں منجملہ دارالحکومت دہلی، ممبئی، حیدر آباد اور لکھنؤ میں بھی اسی طرح کی مجالس عزا کا انعقاد کیا جا رہا ہے جن میں مصائب شہدائے کربلا بیان کرکے غم منانے کے ساتھ ساتھ ایران کے شہید صدر اور ان کے ہمراہ دیگر شہید ہونے والے ساتھیوں کو خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .