۲۲ آذر ۱۴۰۳ |۱۰ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 12, 2024
سابق وزیر تعلیم پاکستان

حوزہ/ پاکستانی سابق وفاقی وزیرِ تعلیم اور اسلامک ڈیموکریٹک فرنٹ کے چیئرمین سید منیر حسین گیلانی نے ایرانی قونصل خانے کا دورہ کیا اور ایرانی صدر شہید رئیسی کی شہادت پر اظہارِ افسوس کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سابق وفاقی وزیر تعلیم اسلامک ڈیموکریٹک فرنٹ کے چیئرمین سید منیر حسین گیلانی نے ایرانی قونصلیٹ میں قائم مقام قونصل جنرل علی اصغر مغیری سے ملاقات کی اور انہیں ایرانی صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ حسین امیر عبدالہیان، امام جمعہ تبریز آیت اللہ سید محمد علی آل ہاشم،گورنر مشرقی آذر بائیجان اور دیگر افراد کی شہادت پر اظہار تعزیت کیا۔

سابق وفاقی وزیر منیر حسین گیلانی کی ایرانی قونصلیٹ آمد، ڈاکٹر ابراہیم رئیسی کی شہادت پر اظہارِ تعزیت

انہوں نے کہا پاکستانی عوام ایران کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں ۔پاکستانی عوام محسوس کرتے ہیں کہ آیت اللہ ابراہیم رئیسی کی شکل میں انہوں نے ایک دوست کھو دیا ہے۔ پاکستان اور ایران کے درمیان ہمیشہ دوستانہ تعلقات رہے ہیں ۔ ایران نے پاکستان کی مشکل وقت میں مدد کی، سیلاب ہو زلزلہ یا کوئی اور مشکل وقت، ایران پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا۔

انہوں نے کہا کہ سید ابراہیم رئیسی اسلام کے بہادر فرزند تھے، ان کی شہادت سے ناقابلِ تلافی نقصان ہوا ہے۔

انہوں نے غزہ اور فلسطین کی جس انداز سے مدد کی ہے پوری دنیا میں اس کی مثال نہیں ملتی ۔عرب ممالک کی بڑی تعداد اسرائیل کی ناجائز غاصب ریاست کو تسلم کرچکی ہے مگر واحد مملکت ایران ہے، جس نے فلسطینی مسلمانوں کا ہر قسمی ساتھ دیا اور ان کے لیے بہت بڑی قربانی دی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایران کی غزہ میں خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ علی اصغر مغیری نے سید منیر حسین گیلانی کا تعزیت کرنے پر شکریہ ادا کیا اور واضح کیا کہ انقلاب اسلامی کے بعد ملت ایران نے ایسی کئی شہادتیں کئی بار دیکھی ہیں۔ مغربی طاقتوں نے کوشش کی کہ ایسے واقعات کریں کہ جس سے انقلاب اسلامی ختم ہو جائے، لیکن انقلاب کو اللہ تعالیٰ کی نصرت و تائید حاصل ہے اور ان شاءاللہ یہ ہمیشہ قائم و دائم رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ افراد کے آنے جانے سے فرق نہیں پڑتا، اصل نظریہ ہے کہ مملکت ایران نے اسلام اور مسلمانوں کے لیے جو کاوشیں کی ہیں ،وہ بہت اہمیت رکھتی ہیں۔

انہوں نے پاکستان میں مختلف مکاتب فکر کی طرف سے تعزیتی اجلاس منعقد کرنے کو سراہا اور کہا کہ وہ پاکستانی بھائیوں کی ایران کے ساتھ مشکل وقت میں تعزیت اور اظہارِ ہمدردی کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

سید منیر حسین گیلانی نے ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کے بارے میں اپنے تاثرات بھی تعزیتی کتاب میں تحریر کئے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .