۲۴ آذر ۱۴۰۳ |۱۲ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 14, 2024
علامہ شفقت شیرازی

حوزہ/ایم ڈبلیو ایم پاکستان کی خارجہ پالیسی کے سربراہ نے علامہ عارف حسین الحسینی کی 36 ویں برسی کے موقع پر کہا ہے کہ قائد شہید علامہ عارف حسین الحسینی نے سرزمین پاکستان پر جس خوبصورت انداز سے خط امام خمینی کا پرچار کیا وہ رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عالم مجاہد علامہ شہید عارف حسین الحسینی کی 36 ویں برسی اور شہدائے پارہ چنار، شہید القدس رہبرِ تحریکِ حماس فلسطین اسماعیل ہنیہ اور شہید القدس الحاج فواد شکر و دیگر شہداء کی مناسبت سے رواق دار الرحمہ حرم مطہر رضوی میں تبلیغات اسلامی مدیریت زائرین غیر ایرانی اور مجلس وحدت مسلمین شعبۂ مشہد کے زیر اہتمام سفیر نور کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔

سفیر نور کانفرنس میں سربراہ امور خارجہ ایم ڈبلیو ایم ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے خصوصی شرکت کی اور انہوں نے شرکائے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فرزند امام خمینی قائد شہید علامہ عارف حسین الحسینی کی حیاتِ طیبہ اور افکار حسینی پر روشنی ڈالی۔

سربراہ امور خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے کونے کونے میں خطِ امام راحل کا پرچار کرنے والی شخصیت صرف اور صرف قائد شہید تھے اور ان کا یہ عظیم کارنامہ رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا۔ بے شک شہید قائد کی شہادت سے پیدا ہونے والے خلا کو پر کرنا ناممکن ہے، لیکن فرزندانِ شہید قائد آج بھی قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی سربراہی میں شہید کا علم حریت و استقلال بلند کیے ہوئے ہیں اور انشاء اللہ یہ سفر جاری و ساری رہے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم شہید قائد کے افکار کو رہتی دنیا تک زندہ رکھیں گے اور خط امام خمینی رحمۃ اللّٰہ علیہ کو کسی صورت نہیں چھوڑیں گے۔

ڈاکٹر شفقت شیرازی نے خطے کے بدلتے ہوئے حالات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے تہران میں اسماعیل ہنیہ اور بیروت میں الحاج فواد شکر کو نشانہ بنا کر بہت بڑی حماقت کی ہے، جہاں غاصب صیہونی ریاست نے بین الاقوامی قوانین کو روندا ہے وہیں پر غزہ میں وحشت و بربریت و انسانیت سوز مظالم اور بیروت پر حملہ کر کے اپنی ڈیٹ اف ایکسپائری بے گناہوں کے خون سے مہر لگا دی ہے۔

ایم ڈبلیو ایم پاکستان کی خارجہ پالیسی کے سربراہ نے کہا کہ اسرائیل کا غاصبانہ وجود عالمی اور بالخصوص خطے کے امن و سلامتی کے لئے خطرہ ہے۔ مقاومت اسلامی وایران اس سے عنقریب سخت انتقام لیں گے۔

کانفرنس سے مجمع جہانی اہل البیت علیہم السّلام مشہد مقدس کے سربراہ حجت الاسلام والمسلمین شیخ ایمانی مقدم نے بھی خطاب کیا اور نظامت کے فرائض برادر قاسم شمسی سابق مرکزی صدر آئی ایس او نے ادا کئے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .