۲۵ آذر ۱۴۰۳ |۱۳ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 15, 2024
پاکستانی زائرہ

حوزہ/ مشہد مقدس میں امام رضا علیہ السلام کے حرم مطہر میں اربعین کے دوران زائرین کے لیے شاندار اور مثالی انتظامات کیے گئے۔ ہزاروں زائرین کو حرم کے اندر رواق حضرت زہرا سلام اللہ علیہا میں رہائش فراہم کی گئی اور مولا کے مہمانسرائے میں صبح و شام طعام کا بندوبست کیا گیا۔ اجتماعی عزاداری کے پروگراموں میں ہندوستان اور پاکستان سے معروف علما اور نوحہ خوانوں کو مدعو کیا گیا، جس سے زائرین نے بے پناہ روحانی سکون اور عقیدت محسوس کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،پاکستانی زائرہ نے اربعین کے موقع پر امام رضا علیہ السلام کے حرم میں زائرین کے لیے مثالی خدمات کو سراہتے ہوئے متولی حرم کے نام خط لکھا جسکا مکمل متن اس طرح ہے؛

بسم اللہ الرحمن الرحیم

محترم متولی حرم مطہر امام علی رضا علیہ السلام،

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

امید ہے کہ آپ اور حرم کے تمام خادمین بخیر و عافیت ہوں گے۔

اربعین کے ایام میں اللہ تعالیٰ نے مجھے عراق اور ایران کے مقدس مقامات کی زیارت کی توفیق عطا فرمائی۔ زیارت کے روحانی انوار اپنی جگہ، لیکن ایران اور عراق کے عوام کی بے لوث اور مخلصانہ خدمات نے زیارت کی معنوی کیفیت کو اور بھی زیادہ جِلا بخشی۔ ان کی خدمات دیکھ کر دل مزید محبت اور عقیدت سے بھر گیا۔

خداوند متعال سے دعا ہے کہ وہ ایران اور اس عظیم قوم کو مزید عزت اور وقار عطا فرمائے، بالخصوص رہبر معظم کو جنہوں نے ایام اربعین میں امام حسین علیہ السلام کے مہمانوں کی بے مثال خدمت کی۔

اس سال مشہد مقدس میں امام رضا علیہ السلام کے حرم کی زیارت کا تجربہ بالکل منفرد تھا۔ میرے پاس ان خدمات کی قدردانی کے لیے الفاظ ناکافی ہیں۔ حرم کے اندر ہزاروں زائرین کے لیے رواق حضرت زہرا سلام اللہ علیہا میں رہائش، صبح و شام مولا علیہ السلام کے مہمانسرائے میں طعام، اور مختلف پروگراموں کا انعقاد کیا گیا۔

خاص طور پر 5 ہزار عزاداروں کی اجتماعی عزاداری، جس میں ہندوستان اور پاکستان کے معروف علما اور نوحہ خوانوں کو دعوت دی گئی، ایک عظیم کارنامہ تھا جو حرم امام رضا علیہ السلام کے خادمین نے اردو زبان بولنے والے زائرین کے حق میں انجام دیا۔

دعا ہے کہ خدا ان تمام عزیزوں کی کاوشوں کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے اور ایران کو امریکہ، اسرائیل اور دیگر دشمنوں کی سازشوں سے محفوظ رکھے۔ الٰہی آمین۔

خواہر سائرہ ابراہیم

سالار کاروان راہیان زینب س، گلگت بلتستان

سابقہ مرکزی سیکرٹری یوتھ شعبہ خواتین ایم ڈبلیو ایم پاکستان

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .