۲۵ آذر ۱۴۰۳ |۱۳ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 15, 2024
سید حسن

حوزہ/شیعہ علماء اسمبلی ہندوستان نے غاصب اسرائیل کے ہاتھوں سید مقاومت شہید حسن نصر اللّٰہ کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تعزیت پیش کی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء اسمبلی ہندوستان نے غاصب اسرائیل کے ہاتھوں سید مقاومت شہید حسن نصر اللّٰہ کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تعزیت پیش کی ہے۔

تعزیت نامہ

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمنِ الرَّحِیْمِ

مِنَ الْمُؤْمِنِينَ رِجَالٌ صَدَقُوا مَا عَاهَدُوا اللَّهَ عَلَيْهِ ۖ فَمِنْهُم مَّن قَضَىٰ نَحْبَهُ وَمِنْهُم مَّن يَنتَظِرُ ۖ وَمَا بَدَّلُوا تَبْدِيلًا.

سید مقاومت اسوۂ جہاد و شہادت، شجاع و دور اندیش قائد، عالم با عمل، مرد صالح سید حسن نصر اللہ کی جانگداز و افتخار آفرین شہادت کے سلسلے میں منجئ عالم بشریت، بقیۃ الله الاعظم امام زمانہ عجل اللہ تعالٰی فرجہ الشریف اور آپ کے نائب برحق، رہبرِ معظم انقلاب اسلامی حضرت آیۃ الله العظمیٰ خامنه ای متع اللہ المسلمين بطول بقائہ الشریف، مراجع کرام، اہل خانہ، امت حزب اللہ اور تمام انصاف پسند انسانوں کی خدمت میں تعزیت و تسلیت عرض کرتے ہوئے شہید عظیم المرتبت کی بارگاہ میں ہدیۂ تبریک پیش کرتے ہیں کہ سید مقاومت مبارک ہو! آپ کی دیرینہ مراد پوری ہوئی اور آپ درجۂ شہادت پر فائز ہوگئے۔

شیعہ علماء اسمبلی ہندوستان، عالمی سامراجیت کی گماشتہ سفاک و خونخوار و بزدل صیہونی حکومت کی مذمت کرتی ہے، جس نے ظلم وستم، سفاکیت و بربریت کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں اور فرعون و نمرور و یزید جیسے سفاک کو سرخ رو کردیا ہے۔

ہم امریکہ کی سرکردگی میں برطانیہ، فرانس اور جرمنی جیسے صیہونی ستمگروں کے حامیوں کی بھی پرزور مذمت کرتے ہیں اور انہیں برابر کا شریک تصور کرتے ہیں۔

ہم بظاہر خاموش تماشائی اور در پردہ غاصب اسرائیل کے مددگاروں کی بھی بھر پور مذمت کرتے ہیں اور انھیں یہ یاد دلاتے ہیں کہ اس ظلم وستم کی آگ ایک دن ان کے دامن تک بھی پہنچ جائے گی۔

ہمیں اللہ ذوالانتقام کی ذات پر ایمان کامل ہے۔ وہ اس عظیم الشان مجاہد شہید کے خون ناحق کو ایسی برکت عطا فرمائے گا، جس سے تمام ستمگروں کے ناجائز اقتدار کی چولیں ہل جائیں گی اور ظلم وستم کی جگہ عدل و انصاف کا بول بالا ہوگا۔

اللہ جل شانہ سے دعا ہے کہ ہم سب کو شہید والا صفات کے نقش قدم پر چلنے اور ان کے مشن کو آگے بڑھانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

شیعہ علماء اسمبلی ہندوستان، سید محمد عسکری

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .