۲۳ آذر ۱۴۰۳ |۱۱ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 13, 2024
سید احمد علی عابدی+سید حسن نصر اللہ

حوزہ/ حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید احمد علی عابدی نے سید مقاومت سید حسن نصر اللہ کی شہادت پر تعزیتی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا: فرزند رسول حضرت حجت الاسلام والمسلمین سید مقاومت سید حسن نصر اللہ کی شہادت نے ہم سب کے دلوں کو داغدار کر دیا ہے، غمزدہ ہیں، دل رو رہا ہے، اور انکھیں اشکبار ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام جمعہ ممبئی ، مدیر جامعۃ الامام امیر المومنین (ع) نجفی ہاؤس اور ہندوستان میں آیت اللہ العظمی سید علی سیستانی کے نمائندے حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید احمد علی عابدی نے سید مقاومت سید حسن نصر اللہ کی شہادت پر تعزیتی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ دشمن جس کی آواز اور منصوبے سے ڈرتے تھے، جس کے وجود سے یہودیوں کے بدن لرزاں ہو جاتے تھے، آج اسی مجاہد اور فرزند رسول حضرت حجت الاسلام والمسلمین سید مقاومت سید حسن نصر اللہ کی شہادت نے ہم سب کے دلوں کو داغدار کر دیا ہے، غمزدہ ہیں، دل رو رہا ہے، اور انکھیں اشکبار ہیں۔

مکمل بیان کا متن حسب ذیل ہے:

بسم اللہ الرحمن الرحیم

انا للہ و انا الیہ راجعون

مِنَ الْمُؤْمِنِينَ رِجَالٌ صَدَقُوا مَا عَاهَدُوا اللَّهَ عَلَيْهِ فَمِنْهُمْ مَنْ قَضَىٰ نَحْبَهُ وَمِنْهُمْ مَنْ يَنْتَظِرُ وَمَا بَدَّلُوا تَبْدِيلًا (احزاب 23)

سید مقاومت، مجاہد با بصیرت، امید مظلومان، لوگوں کا سہارا، جس سے پوری ملت شیعہ اور ملت اسلامیہ کو ڈھارس تھی،دشمن جس کی آواز اور منصوبے سے ڈرتے تھے، جس کے وجود سے یہودیوں کے بدن لرزاں ہو جاتے تھے، آج اسی مجاہد اور فرزند رسول حضرت حجت الاسلام والمسلمین سید مقاومت سید حسن نصر اللہ کی شہادت نے ہم سب کے دلوں کو داغدار کر دیا ہے، غمزدہ ہیں، دل رو رہا ہے، اور انکھیں اشکبار ہیں۔

اس عظیم مصیبت اور عظیم سانحے پر امام زمانہ حضرت ولی عصر (صلوات اللہ و سلامہ علیہ) کی خدمت اقدس میں اس برومند فرزند اور اس کے ساتھیوں کی شہادت پر تعزیت پیش کرتے ہیں، اور بارگاہ الہی میں دعا کرتے ہیں کہ ان کے درجات کو بلند فرمائے۔

سید حسن نصر اللہ کے ساتھیوں نے ہمیشہ مظلوموں کا ساتھ دیا، داعش اور اس جیسے فتنوں کو ختم کیا اور عراق و زینبیہ کو دوسرے لوگوں کو ان کے فتنوں سے محفوظ رکھا اور ان کا جم کر مقابلہ کیا، اس عظیم سید کی ایسی شہادت بہت ہی دردناک ہے، دل واقعی زخمی ہے، لیکن شہید پرور قوم اس طرح کی شہادت سے پست حوصلہ نہیں ہوتی، اپنے وجود کو گم نہیں کرتی، اور دشمنوں کے سامنے تسلیم نہیں ہوتی، اس طرح کی شہادتوں سے تکلیف بہت ہوتی ہے لیکن حوصلے بلند ہوتے ہیں، اور شہادت تو مومن کی تمنا ہے۔

بہرحال اس درد و غم کے ماحول میں اور اس عظیم سانحے پر تمام ملت اسلامیہ کی خدمت میں تسلیت پیش کرتے ہیں، اور یہ امید رکھتے ہیں کہ ایک دن جناب زہرا (س) کے لعل حضرت ولی عصر عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کا ظہور ہوگا، اور امام تمام ظالموں سے چن چن کر بدلہ لیں گے، اور زمین پر دین اہل بیت (ع) کی حکومت ہوگی، لوگ کتنی بھی کوشش کر لیں اور جتنی بھی سازش کر لیں، جتنی بھی باطل تحریکیں چلیں، دنیا سے حضرت ولی عصر (ارواحنا فداہ) کی حکومت کو ختم نہیں کر سکتے، وہ آئیں گے اور ضرور آئیں گے، اور ان تمام ظالموں سے بدلہ لیں گے، پرچم ولایت اور پرچم اہل بیت علیہم السلام کو بلند کریں گے۔

اس مظلومیت کا واسطہ دے کر خدا سے دعا ہے کہ اس روز روشن کو قریب کرے جب ہم اپنی آنکھوں سے اسلام و تشیع کی سربلندی دیکھیں، اور کفر و نفاق، یہودیت و صہیونیت اور تمام دشمنان اسلام کو سرنگوں ہوتے دیکھیں، خدا جلد و دن لائے "انھم یرونہ بعیدا و نراہ قریباً"

والسلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ

سید احمد علی عابدی

28 ستمبر 2024

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .