۲۵ آذر ۱۴۰۳ |۱۳ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 15, 2024
آیت اللہ العظمیٰ سید علی سیستانی کا سید حسن نصر اللّٰہ کی شہادت پر تعزیتی پیغام

حوزہ/ آیت اللہ العظمیٰ سید علی سیستانی نے حزب اللہ لبنان کے سیکرٹری جنرل سید حسن نصر اللّٰہ کی عظیم شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے تعزیتی پیغام جاری کیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ مرجع تقلید آیت اللہ العظمیٰ سید علی سیستانی کے تعزیتی پیغام کا متن درج ذیل ہے:

بسم اللہ الرحمن الرحیم

مِنَ الْمُؤْمِنِينَ رِجَالٌ صَدَقُوا مَا عَاهَدُوا اللَّهَ عَلَيْهِ فَمِنْهُمْ مَنْ قَضَى نَحْبَهُ وَمِنْهُمْ مَنْ يَنْتَظِرُ وَمَا بَدَّلُوا تَبْدِيلًا

انتہائی غم اور افسوس کے ساتھ علامہ حجۃ الاسلام والمسلمین سید حسن نصراللہ اور ان کے لبنانی مقاومت کے کئی ساتھیوں کی شہادت کی خبر موصول ہوئی، جو بیروت کی جنوبی ضاحیہ میں کیے گئے اسرائیلی فجیع حملے میں درجنوں بے گناہ شہریوں کے ساتھ شہید ہو گئے۔

یہ عظیم شہید حالیہ دہائیوں میں ایک ایسے بے مثال رہبر و قائد تھے جنہوں نے لبنان کی آزادی میں اسرائیلی قابض کے خلاف عظیم کامیابیاں حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

اسی طرح انہوں نے عراق کے لوگوں کو داعشی دہشت گردوں کے چنگل سے نجات دلانے کے لیے بھی اپنی پوری طاقت سے حمایت کی اور مظلوم فلسطینی عوام کی مدد میں بھی ہمیشہ شاندار موقف اختیار کیا۔ آخرکار، انہوں نے اپنی قیمتی زندگی اس مقدس راہ میں قربان کر دی۔

ہم اس عظیم مصیبت اور ناقابل تلافی نقصان پر لبنانی عوام اور دیگر مظلوم قوموں کو تعزیت پیش کرتے ہیں اور اللہ تعالیٰ سے دعا کرتے ہیں کہ وہ اس عظیم شہید کو اپنی وسیع رحمت اور رضا میں شامل فرمائے، اور انہیں حضرت محمد (ص) اور ان کے پاک اہل بیت علیہم السلام کے ساتھ اعلیٰ علیین میں جگہ عطا کرے، اور ان کے اہل خانہ اور تمام غمزدگان کو صبر جمیل اور عظیم اجر عطا فرمائے۔

إنا لله وإنا إليه راجعون

۲۴ ربیع الاول ۱۴۴۶ ہجری / ۲۸ ستمبر ۲۰۲۴ء

دفتر آیت اللہ سیستانی، نجف اشرف

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .