حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، واعظین و مفکرین بورڈ کے جنرل سکریٹری خطیبِ اسلامی سید قمر عباس قنبر نقوی نے حزب اللہ لبنان کے سیکرٹری جنرل حجت الاسلام سید حسن نصر اللّٰہ کی المناک شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حزب اللہ لبنان کے سیکرٹری جنرل ممتاز عالمِ دین سید حسن نصر اللہ کی شہادت ملٙتِ اسلامیہ، مظلومینِ عالم اور دنیائے انسانیت کے لیے عظیم خسارہ ہے۔
انہوں نے جزب اللہ لبنان کے جنرل سیکریٹری ممتاز عالم دین، محافظ قبلہ اوّل بیت المقدس سید حسن نصر اللہ کی شہادت پر تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سید حسن نصر اللہ کی شہادت سے ہر انسان دوست کو شدید صدمہ پہنچا ہے، چونکہ سید حسن نصر اللہ صرف ملکِ لبنان یا ایک قوم و ملّت کے رہبر اور رہنما نہیں تھے، بلکہ وہ پوری حق شناس ملٙتِ اسلامیہ کے رہنما، مظلومینِ عالم کی امید و یقین اور دنیائے انسانیت کا مسیحا تھے۔ آپ کی ناگہانی شہادت جو سعادت بھی ہے تمام حق پرستوں اور حامیانِ مظلومین کے لیے زبردست نقصان کا باعث ہے۔
خطیب قنبر نقوی نے کہا کہ دوسری طرف آپ کی شہادت سے دہشتگردی اور ظلم کے خلاف جاری عالمی تحریک میں جہاں استحکام اور طاقت پیدا ہوگی، وہیں مظلومین میں امید و یقین کی لو مزید روشن ہوگی۔ ربِ کریم بحقِ حضرات معصومینؑ شہید سید نصر اللہ جنرل سیکرٹری و دیگر علماء، شہید کی بیٹی باشندگانِ لبنان کی شہادت کو قبول فرمائے۔
انہوں نے بارگاہِ الٰہی میں دعا کرتے ہوئے کہا کہ تمام شہداء کو جوار معصومین علیہم السلام عطا کرے۔ ملّتِ لبنان اور دنیائے دینِ حق کو صبر و سلامتی، طاقت و قوت اور حوصلہ و استحکام عنایت فرمائے۔ آمین یا رب العالمین!