۲۳ آذر ۱۴۰۳ |۱۱ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 13, 2024
عراق

حوزہ/ صہیونی حملے کے بعد عراق کے عوام نے لبنان کے ساتھ بھرپور یکجہتی دکھائی اور کاظمین و نجف اشرف سمیت پورے عراق میں امدادی کیمپ قائم کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مرجع تقلید آیت اللہ العظمیٰ سید علی سیستانی کے حکم پر عراق کے مختلف شہروں میں لبنان کی مدد کے لیے بڑے پیمانے پر امدادی سرگرمیاں شروع ہو چکی ہیں، صہیونی افواج کے حالیہ حملے کے بعد لبنانی عوام کو درپیش مشکلات کے پیشِ نظر، عراق کے عوام نے فوری طور پر لبنانی بھائیوں کی مدد کے لیے قدم بڑھایا ہے۔

کاظمین میں عوام نے لبنان کی امداد کے لیے کیمپ قائم کیے ہیں جہاں بڑی تعداد میں امدادی سامان اکٹھا کیا جا رہا ہے، جس میں اشیائے خوردونوش، ادویات، اور دیگر ضروری سامان شامل ہے۔ عراق کے دیگر شہروں میں بھی یہ مہم پورے زور و شور سے جاری ہے اور عوام بڑے ذوق و شوق کے ساتھ امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ لبنان کے دارالحکومت بیروت کے جنوبی علاقے ضاحیہ پر صہیونی افواج نے حالیہ حملے کیے ہیں، جس کے نتیجے میں نہ صرف مالی نقصان ہوا ہے بلکہ بے گناہ شہری بھی شدید متاثر ہوئے ہیں۔ لبنان کے عوام کو اس وقت سخت مشکلات کا سامنا ہے، اور ایسے وقت میں عراقی عوام کی طرف سے ملنے والی مدد ان کے لیے باعث تقویت ہے۔

آیت اللہ سیستانی کے حکم پر عراق بھر میں لبنان کے لیے امدادی مہم

عراق کے مقدس شہر نجف اشرف سمیت کئی مقامات پر لبنانی عوام کے لیے قیام و طعام اور طبی سہولیات مفت فراہم کی جا رہی ہیں، مختلف مقامات پر امدادی کیمپ بھی قائم کیے گئے ہیں جہاں لبنانی عوام کے لیے رہائش، خوراک اور طبی امداد دستیاب ہے۔ ان تمام اقدامات کا مقصد لبنان کے مظلوم عوام کو صہیونی ظلم سے بچانے اور ان کی بحالی کے لیے فوری مدد فراہم کرنا ہے۔

عراقی عوام کی جانب سے اس یکجہتی اور مدد کو لبنان بھر میں انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے، اور یہ امدادی سرگرمیاں اس وقت تک جاری رہنے کا عزم کیا جا رہا ہے جب تک لبنان میں حالات معمول پر نہیں آ جاتے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .