۱۳ مهر ۱۴۰۳ |۳۰ ربیع‌الاول ۱۴۴۶ | Oct 4, 2024
علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی

حوزہ / شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے پاکستان کے شہر پشاور میں شہید سید حسن نصر اللہ اور مقاومتی محور کے شہداء کے درجات کی بلندی کے لئے منعقدہ مجلس ترحیم میں شرکت اور خطاب کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے کہا: سید مقاومت شیخ السید حسن نصر اللہ کی شہادت عالم اسلام کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے۔ تاہم دنیا بھر کی شیطانی قوتوں کی جانب سے مل کر سید مقاومت کو بمباری کر کے شہید کرنا ثابت کرتا ہے کہ صیہونی حکومت اور اس کے پشت پناہ حزب اللہ سے لرزہ براندام ہیں۔

علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے مجلس ترحیم سے خطاب کرتے ہوئے کہا: سید حسن نصر اللہ کی شہادت سے تحریک آزادئ فلسطین کی محافظ حریت پسند تنظیم حزب اللہ مزید مظبوط ہوگی کیونکہ شہادتیں اسلام اور بالخصوص مکتب تشیع کے لیے حیات جاویداں کا درجہ رکھتی ہیں۔

انہوں نے کہا: عالم اسلام کی تاریخ اس امر کی گواہ ہے کہ باطل قوتوں کی خلاف جنگ میں حق کے نمائندوں نے ہمیشہ قربانیاں دیں ہیں جن کی بدولت حق آیا اور باطل مٹ گیا کیونکہ باطل کو مٹنا ہی تھا۔

شہادتیں اسلام اور بالخصوص مکتب تشیع کے لیے حیات جاویداں کا درجہ رکھتی ہیں

شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے کہا: عالم اسلام نے اس جنگ میں مکار صیہونی حکومت کی جانب سے دھوکے سے ایک اور بطل حریت کی جان لی ہے جو ماضی کی طرح صیہونی حکومت اور اس کی پشت پناہ شیطانی رجیم کے مکروہ عزائم کو ناکام بنائے گی بلکہ ان کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہو گی۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ عالم اسلام ایک حسن نصر اللہ کی شہادت کے ثمر میں ہزاروں حسن نصراللہ کو جنم دے گا جو قبلہ اول بیت المقدس پر صہونیوں کا ناپاک قبضہ ختم کر کے ہی دم لیں گے۔

آخر میں علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے سید مقاومت شیخ سید حسن نصر اللہ، ان کی شہیدہ صاحبزادی اور خانوادہ کے دیگر شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .