۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
حجۃ الاسلام انور نجفی

حوزہ/ جامعہ الکوثر اسلام آباد کے سربراہ شیخ انور علی نجفی نے ایک پیغام میں، سید مقاومت، شہید سید حسن نصر اللہ کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے تعزیت پیش کی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سربراہ جامعہ الکوثر اسلام آباد کے تعزیتی پیغام کا متن مندرجہ ذیل ہے۔

شہادت ایک ایسا منصب ہے کہ جس منصب کا انتخاب بندہ مومن خود اپنے کمال شعور سے کرتا ہے، اگرچہ موت شعور انسانی کے سلب ہونے کا دوسرا نام ہے، لیکن شہید راہ خدا وہ ہے کہ جس کا شعور شکنجہ موت سے بھی سلب نہیں ہوتا، جیسا کہ قرآن مجید میں اللہ عز و جل نے فرمایا: " فَرِحِیۡنَ بِمَاۤ اٰتٰہُمُ اللّٰہُ مِنۡ فَضۡلِہٖ ۙ وَ یَسۡتَبۡشِرُوۡنَ بِالَّذِیۡنَ لَمۡ یَلۡحَقُوۡا بِہِمۡ مِّنۡ خَلۡفِہِمۡ ۙ اَلَّا خَوۡفٌ عَلَیۡہِمۡ وَ لَا ہُمۡ یَحۡزَنُوۡنَ۔"

اللہ نے اپنے فضل سے جو کچھ انہیں دیا ہے وہ اس پر خوش ہیں اور جو لوگ ان کے پیچھے ان سے نہیں جا ملے ان کے بارے میں بھی خوش ہیں کہ انہیں (بروز قیامت) نہ کوئی خوف ہو گا اور نہ وہ محزون ہوں گے۔

اسی بنا پر قرآن نے انہیں مردہ گمان کرنے تک سے منع فرمایا ہے:

وَلَا تَحۡسَبَنَّ الَّذِیۡنَ قُتِلُوۡا فِیۡ سَبِیۡلِ اللّٰہِ اَمۡوَاتًا ؕ بَلۡ اَحۡیَآءٌ عِنۡدَ رَبِّہِمۡ یُرۡزَقُوۡنَ.

اور جو لوگ راہ خدا میں مارے گئے ہیں( انہیں )ہر گز مردہ نہ سمجھو بلکہ وہ زندہ ہیں(اور)اپنے رب کے پاس سے اپنا رزق پا رہے ہیں۔

سید مقاومت شہید نصرت مظلومین علامہ سید حسن نصر اللہ رحمۃ اللہ علیہ کی عظیم الشان شخصیت ان کی مجاہدانہ صلاحیت اور امت مسلمہ کے لئے ان کی دلیرانہ و مخلصانہ جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے ان کی بابت مرجع کبیر حضرت آیت اللہ العظمی السید علی الحسینی السیستانی دام ظلہ کا یہ فرمان ذیشان ہی کافی ہے کہ "یہ شہید قیادت کا وہ بلند مینار تھے کہ جس کی مثال تاریخ عصر حاضر میں کمیاب ہے۔

اگرچہ اس عظیم قائد و مجاہد عظیم الشان کے بچھڑنے سے نہ فقط میدان جہاد و شہادت میں اسلام دشمن قوتوں سے بر سر پیکار مقاومتی تنظیمیں، بلکہ دنیا بھر میں ظلم و ستم سے بر سر پیکار مظلوموں کا نقصان ضرور ہوا ہے، تاہم شہید کی زندگی، کیونکہ حق و صداقت سے معمور جہد مسلسل سے عبارت تھی، اس لئے ان کا مقدس لہو مجاہدینِ راہ حق کے خون کو گرماتا اور مثل چراغ راہ انہیں اس وقت تک راستہ دکھاتا رہے گا، جب تک کہ خداوند متعال کا یہ وعدہ پورا نہ ہو جائے کہ "اور ہم یہ ارادہ رکھتے ہیں کہ جنہیں زمین پر بے بس کر دیا گیا ہے ان پر احسان کریں اور ہم انہیں پیشوا بنائیں اور ہم انہی کو وارث بنائیں۔

اس عظیم سانحے پر ہم امام زمانہ عجل اللہ تعالٰی فرجہ الشریف، مراجع عظام، رہبر معظم انقلابِ اسلامی سمیت دنیا بھر کے مظلومین کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہوئے دعا گو ہیں کہ اللہ عزوجل شہدائے اسلام بالخصوص شہید کبیر علامہ سید حسن نصر اللہ رحمۃ اللہ علیہ کے درجات عالی کو بلند تر فرمائے! آمین

شریکِ غم: انور علی نجفی، جامعۃ الکوثر اسلام آباد

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .