۲۲ آذر ۱۴۰۳ |۱۰ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 12, 2024
علامہ راجہ ناصر عباس

حوزہ/ سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے پنجاب حکومت کے فیصل آباد، میانوالی اور جنوبی پنجاب کے دیگر علاقوں میں عوامی احتجاج کرنے والوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے پنجاب حکومت کے فیصل آباد، میانوالی اور جنوبی پنجاب کے دیگر علاقوں میں عوامی احتجاج کرنے والوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری اور عوامی حق رائے دہی پر ڈاکہ زنی کے خلاف احتجاج کرنے والوں کے ساتھ جس ظلم اور بربریت کا مظاہرہ کیا گیا، اس نے آمر جنرل ضیاء الحق کے دور کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ یہ دنیا مکافات عمل کا گھر ہے اور جو ظلم آج کیا جا رہا ہے، اس کا حساب دینا پڑے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آل شریف کو اس ظلم و جبر کا جواب دہ ہونا پڑے گا اور ایک دن ڈکٹیٹرز کی اولادوں کے لیے یہ ضرور عبرت کا دن ثابت ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کے ایسے شرمناک اقدامات اور لاقانونیت کی جتنی بھی مذمت کی جائے، وہ کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم کرنا ایک سنگین جرم ہے اور اس کا حساب دینا ہوگا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .