حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، فلسطین کے حامیوں نے برطانیہ میں اسرائیلی جنگی اسلحہ تیار کرنے والی کمپنیوں سے وابستہ دفاتر پر حملہ کیا۔ یہ احتجاج منگل کے روز برطانوی شہروں لندن، مانچسٹر، گلاسگو اور برمنگھم سمیت دیگر علاقوں میں ہوا۔ مظاہرین نے جرمن مالیاتی کمپنی آلیانز اور اسرائیلی اسلحہ ساز کمپنی البیت سسٹمز کے درمیان تعلقات پر اپنے غصے کا اظہار کیا۔
مظاہرین نے ان دفاتر کے شیشے توڑ ڈالے، فلسطین کے پرچم لہرائے اور دفاتر کے باہر سرخ رنگ (خون کی علامت) سے اسپرے کیا۔
فلسطین ایکشن گروپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X (سابقہ ٹویٹر) پر ان حملوں کی ذمہ داری قبول کی اور کہا کہ لندن کے جنوبی علاقے گیلفورڈ میں آلیانز کے ایک دفتر پر مکمل قبضہ کر لیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ آلیانز اسرائیل کی اسلحہ ساز کمپنیوں کا بیمہ کرنے والی بڑی کمپنی ہے، اور اگر یہ بیمہ نہ ہوتا تو البیت سسٹمز برطانیہ میں اپنے آپریشن جاری نہیں رکھ سکتا تھا۔
البیت سسٹمز اسرائیلی فوج کے لیے 85 فیصد سے زیادہ ڈرون تیار کرتی ہے، جن میں وہ ڈرون بھی شامل ہیں جو فوجی کارروائیوں میں استعمال ہوتے ہیں۔