۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
آیت اللہ نوری ھمدانی

حوزہ/ آیت اللہ العظمی نوری همدانی نے حوزہ علمیہ قم کے اساتذہ سے ملاقات میں کہا ہے کہ اسلامی ممالک کو ناجائز صہیونی حکومت کے ساتھ اپنے تعلقات فوراً ختم کر دینے چاہئیں، شہداء کے پاکیزہ خون کی برکت سے صہیونی حکومت کا خاتمہ ہوگا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ نوری همدانی نے اتوار، 13 اکتوبر 2024 کو قم کے بعض اساتذہ سے ملاقات میں امت مسلمہ کے موجودہ حالات کو نازک قرار دیتے ہوئے تمام مسلمانوں اور دنیا کے آزاد خیال افراد سے صہیونی حکومت کے خلاف متحد ہونے کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے سید حسن نصراللہ کی شہادت کو ایک عظیم سانحہ قرار دیا اور کہا کہ حزب اللہ مزید مضبوط ہوگی اور شہداء کا خون صہیونی حکومت کے زوال کا سبب بنے گا۔

آیت اللہ نوری همدانی نے صہیونی حکومت کی اسلامی رہنماؤں کو نشانہ بنانے کی کوششوں کو ان کے زوال کی علامت قرار دیا اور اسلام میں ایثار و شہادت کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن یہ نہیں سمجھتے کہ اسلام میں راہِ خدا میں موت کو ایک عظیم سعادت سمجھا جاتا ہے، جیسا کہ تہران کی تاریخی نماز جمعہ میں دیکھا گیا جب رہبر معظم انقلاب نے دھمکیوں کے باوجود نماز جمعہ ادا کی اور ایک عظیم حماسی منظر پیش کیا۔

انہوں نے آیت اللہ سیستانی کو دی جانے والی صہیونی دھمکیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دشمن آیت اللہ سیستانی کے مضبوط اور مؤثر مؤقف سے ناراض ہے، لیکن ان کی شان و عظمت میں مزید اضافہ ہوا ہے، صہیونی حکومت کی جانب سے عالم اسلام کی اس عظیم شخصیت کی بے حرمتی پر ہم شدید مذمت کرتے ہیں اور بارگاہ الہی میں دعا گو ہیں کہ اللہ انہیں اور عزت و عظمت عطا فرمائے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .