جمعرات 19 دسمبر 2024 - 11:09
دشمن کی جارحیت کا مقابلہ صرف مسلحانہ مزاحمت سے ممکن ہے: لبنانی جماعتیں

حوزہ/ لبنان کی سیاسی اور مزاحمتی جماعتوں نے شام کی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صہیونی دشمن نے شام کے دفاعی اور تحقیقی مراکز کو تباہ کر کے اپنی جارحیت کو بڑھایا ہے، خطے پر دشمن کا تسلط اور جارحیت کو روکنے کا واحد راستہ مسلحانہ مزاحمت ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لبنان کی سیاسی اور مزاحمتی جماعتوں، اور قومی شخصیات نے اپنے ایک بیان میں شام اور خطے میں ہونے والی تبدیلیوں پر شدید تشویش ظاہر کی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ بشار الاسد حکومت کے سقوط کے بعد شام میں پیدا ہونے والی صورتحال نے صہیونی دشمن کو موقع فراہم کیا کہ وہ شامی فوج کی دفاعی طاقت اور تحقیقی مراکز کو نشانہ بنائے اور جنوبی شام کے بعض حصوں پر قبضہ کر لے۔

لبنانی جماعتوں نے صہیونی جارحیت کو خطے پر قبضے کی کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ دشمن اپنی توسیع پسندانہ خواہشات کو پورا کرنے کے لیے شام اور دیگر عرب علاقوں میں اپنی کارروائیوں کو تیز کر رہا ہے۔ انہوں نے تاکید کی کہ اس جارحیت کا مقابلہ صرف اور صرف مسلحانہ مزاحمت کے ذریعے ممکن ہے۔

ان جماعتوں نے مزید کہا کہ اگر مزاحمت یا دفاع کا کوئی مؤثر ذریعہ موجود نہ ہو تو صہیونی دشمن اپنی جارحیت کو مزید وسعت دے گا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی قرارداد 1701 کی صہیونی خلاف ورزیوں کی بھی مذمت کی اور کہا کہ یہ خلاف ورزیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ دشمن بغیر مزاحمت کے اپنے اقدامات کو نہیں روکے گا، اور مقبوضہ زمینوں کو صرف مسلح مزاحمت کے ذریعے ہی آزاد کروایا جا سکتا ہے۔

بیان کے آخر میں لبنان کی سیاسی جماعتوں نے ملک میں صدارتی انتخابات کو بغیر کسی بیرونی مداخلت کے منعقد کرنے پر زور دیا اور کہا کہ یہ اقدام اداروں کے استحکام اور طائف معاہدے کے نفاذ کے لیے ضروری ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .