حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی تعاون تنظیم نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے شمالی غزہ کی پٹی میں کمال عدوان اسپتال پر حملے اور اسے نذرِ آتش کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔
تنظیم نے اپنے بیان میں کہا کہ صہیونی حکومت کی جانب سے شعبہ صحت پر حملے، اسپتالوں کو نشانہ بنانے، ان کا محاصرہ کرنے، طبی عملے، زخمیوں اور مریضوں کی گرفتاری بین الاقوامی اور انسانی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
اسلامی تعاون تنظیم نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جنگ بندی کے مستقل قیام، صہیونی حکومت کی فوجی کارروائیوں کو روکنے، اسپتالوں کی بنیادی ڈھانچے اور طبی عملے کے تحفظ، اور مریضوں اور زخمیوں کے حقوق کی ضمانت دینے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔
مزید برآں، تنظیم نے غزہ کی پٹی میں انسانی اور طبی امداد کی فراہمی کو بلا رکاوٹ یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
واضح رہے کہ فلسطین کی وزارت صحت کے ڈائریکٹر، منیر البرش، نے جمعہ کی شام اطلاع دی کہ صہیونی حکومت نے کمال عدوان اسپتال کو زبردستی خالی کرانے کے بعد اسے نذرِ آتش کر دیا۔
صہیونی فوجیوں نے اسپتال کے اطراف ایک ہولناک جرم کا ارتکاب کرتے ہوئے 50 فلسطینیوں کو شہید کیا، جن میں طبی عملے کے پانچ افراد بھی شامل ہیں، اور اس کے بعد اسپتال کو آگ لگا دی۔
آپ کا تبصرہ