حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مفتی اعظم لیبیا شیخ صادق الغریانی نے ایران اور صہیونی حکومت کے درمیان جاری جنگ کو "اسلام اور کفر کے درمیان معرکہ" قرار دیتے ہوئے، اسے دینی نقطۂ نظر سے ایک حق و باطل کا ٹکراؤ کہا ہے۔
الجزیرہ چینل سے نشر ہونے والے اپنے ویڈیو بیان میں شیخ الغریانی نے کہا: "صہیونی حکومت نے ایک اسلامی ملک پر حملہ کر کے اپنے ظالمانہ عزائم اور اسلام دشمنی کو واضح کر دیا ہے۔ یہ جنگ، صرف دو ملکوں کا جھگڑا نہیں بلکہ ایک فکری اور دینی محاذ آرائی ہے جس میں ایک طرف کفر ہے اور دوسری طرف اسلام۔"
شیخ الغریانی نے واضح کیا کہ: "صہیونی حکومت، مغربی طاقتوں کی کھلی حمایت کے ذریعے، خطے میں دہشت گردی اور ظلم کا بازار گرم رکھے ہوئے ہے اور اسلامی ممالک کی خودمختاری کو پامال کر رہی ہے۔"
انہوں نے مزید کہا: "صہیونی حملے صرف ایران کے خلاف نہیں، بلکہ پوری اسلامی دنیا کے خلاف ایک کھلا چیلنج اور جارحیت ہیں۔ یہ اقدام اسلامی ممالک کی آزادی، خودمختاری اور وقار پر کھلی یلغار ہے۔"
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں صہیونی حکومت نے ایک جارحانہ حملے میں ایران کے بعض عسکری اور شہری مراکز کو نشانہ بنایا، جس کے بعد ایران نے "وعدۂ صادق ۳" کے تحت مقبوضہ علاقوں میں اسرائیلی فوجی و انٹیلیجنس مراکز پر زوردار حملے کیے اور اب بھی کارروائیاں جاری ہیں۔
مفتی اعظم لیبیا کے اس بیان کو عالم اسلام میں بڑی اہمیت دی جا رہی ہے اور اسے اسلامی وحدت و بیداری کی علامت سمجھا جا رہا ہے۔









آپ کا تبصرہ